Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں گر کر تباہ، 2پائلٹس سمیت 6 اہلکار شہید

پاک آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گزشتہ رات فلائنگ مشن کے دوران گرکر تباہ ہوا
اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2022 03:33pm
پاک آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر فلائنگ مشن پر تھا۔

پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے، پاک آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر فلائنگ مشن پر تھا۔

شہداء کی نماز جنازہ کوئٹہ چھاؤنی میں ادا کردی گئی، نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ شہداء کے جسد خاکی تدفین کے لئے آبائی علاقوں کو روانہ کردئیے گئے ہیں، تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق گزشتہ رات پاک آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹربلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں فلائنگ مشن تھا کہ اس دوران ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا۔

حادثے میں دونوں پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 اہلکارجام شہادت نوش کرگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں شہید ہونے والوں میں میجر خرم شہزاد اورمیجر محمد منیب افضل شامل ہیں،اس کے علاوہ دیگر اہلکاروں میں صوبیدار عبدالواحد، سپاہی محمد عمران ، نائیک جلیل اور سپاہی شعیب شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 39 سالہ میجرخرم شہزاد شہید کا تعلق اٹک سے تھا، ان کے سوگواران میں بیوہ اورایک بیٹی ہے، 30 میجرمحمد منیب افضل شہید کا تعلق راولپنڈی سے ہے، انہوں نے سوگوران میں ایک بیوہ اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں جبکہ 44 صوبیدارعبدالواحد شہید تعلق کرک سے ہے اور ان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 سالہ سپاہی محمد عمران شہید کا تعلق خانیوال سے ہے اور ان کے سوگواران میں 2 بیٹیاں اورایک بیٹا ہے،اس کے علاوہ 30 سالہ نائیک جلیل شہید کا تعلق کھاریاں سے ہے اور ان کے 2 بیٹے ہیں، 35 سالہ سپاہی شعیب شہید کا تعلق جنڈ ضلع اٹک سے ہے، ان کے سوگواران میں بیوہ اورایک بیٹا ہے۔

بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ:وزیراعظم کا پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے، یہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مادروطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

ہیلی کاپٹر کو حادثہ: سیاسی اور مذہبی قیادت کا دکھ اور افسوس کا اظہار

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ صرف شہدا کے اہل خانہ کا غم نہیں ،پوری قوم کا غم ہے،اہل خانہ کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں۔

اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت وفاقی وزرائے اور دیگر سیاسی و مذہبی قیادت نے بھی پاک فوج کے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نےبلوچستان میں پاک آرمی کا ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہدا نے اپنی زندگیاں فرض کی ادائیگی پر قربان کیں۔

ISPR

pakistan army

helicopter crash

soldier martyred