Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بابراعظم نے انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں ریکارڈز توڑ ڈالے

کرکٹ کپتان نے ویرات کوہلی سے بھی تیز ترین رنز بنانے کا اعزاز چھین لیا
اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2022 11:43am
پاکستان کے اسٹار بلے باز اور کپتان بابر اعظم بالآخر فارم میں آگئے۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
پاکستان کے اسٹار بلے باز اور کپتان بابر اعظم بالآخر فارم میں آگئے۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان کے اسٹار بلے باز اور کپتان بابر اعظم بالآخر فارم میں آگئے، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں اپنی شاندار سنچری کی بدولت کئی ریکارڈز توڑ ڈالے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ان دنوں 7 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کراچی میں جاری ہے،جس کا دوسرا میچ گزشتہ روز کراچی میں کھیلا گیا۔

بابر اعظم نے ویرات کوہلی سے ایک اور اعزاز چھین لیا

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں بابراعظم کے بلے نے خوبرنز اُگلے، انہوں نے 62 گیندوں پر کیریئر کی دوسری سنچری داغ کر نہ صرف پاکستان ٹیم کو فتح دلوائی بلکہ ویرات کوہلی سے تیز ترین 8 ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی چھین لیا۔

بابراعظم 11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 66 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، انہوں نے 227 میچز کی 218 اننگز میں تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے کا اہم سنگ میل عبور کیا۔

اس سے قبل بھارتی بلے باز ویرات کوہلی 257 میچز کی 243 اننگز میں تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پلیئرز میں دوسرے نمبر پر تھے۔

کرس گیل کا تیز ترین 8ہزار رنز بنانے کی فہرست میں پہلا نمبر

کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے کی فہرست میں پہلے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل براجمان ہیں۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر کرس گیل نے یہ ریکارڈ 217 میچز کی 213 اننگز میں حاصل کیا تھا۔

بابر اعظم نے انضمام الحق سے بھی اہم اعزاز چھین لیا

اس کے علاوہ بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق سے بھی اہم اعزاز چھین لیا۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے، اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف 122 رنز کی اننگز 2021 میں کھیلی تھی۔

بابراعظم سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے پاکستانی کپتان

بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے کپتان بھی بن گئے، بحیثیت کپتان ان کی تینوں فارمیٹ کی سنچریوں کی تعداد 10 ہے جبکہ انضمام الحق 9 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف تاریخی فتح

یاد رہے کہ گزشتہ روزپاکستان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی ڈبل سنچری پارٹنر شپ کی بدولت انگلینڈ کے خلاف انٹرنیشنل ٹی 20کرکٹ میں 10وکٹوں سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔

محمد رضوان اور بابراعظم نے پاکستان کی اس جیت میں اہم کردار ادا کیا، محمد رضوان نے 88 اور بابر اعظم نے 110 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

شاندار بلے بازی پر بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

شاندار بلے بازی پر بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ انگلینڈ کے خلاف فتح پر وہ اپنی پرفارمنس سے مطمئن نظر آئے اور رضوان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پرفارمنس میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، کوشش ہوگی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔

cricket

پاکستان

England

virat kohli

t20 series

Baber Azam

ریکارڈز

ٰIndia

PakvsEng T20