Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان پہنچ گئیں

اداکارہ اس سے قبل قدرتی آفات میں 2 بار پاکستان آچکی ہیں
اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2022 04:48pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اقوام متحدہ کےادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی خصوصی سفیراورمعروف ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان پہنچ گئیں۔

غیرسرکاری تنظیم انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آرسی) کی ٹویٹ کے مطابق انجلینا جولی سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرین سے ملاقات کرنے کے علاوہ مستقبل میں ایسے مصائب روکنے سے متعلق اقدامات پربات چیت کریں گی۔

آئی آرسی نے اداکارہ کے دورہ پاکستان کی خبرتودے دی تاہم فی الحال یہ تفصیلات واضح نہیں کی گئیں کہ وہ کب آئیں گی۔

انجلینا جولی اس سے قبل پاکستان میں آنے والے 2010 کے سیلاب اور 2005 میں شمالی علاقہ جات میں زلزلہ متاثرین سے ملاقات اور مدد کے لیے بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔ اداکارہ آئی آر سی کے ہنگامی رسپانس آپریشنز اور افغان مہاجرین سمیت بے گھر لوگوں کی مدد کرنے والی مقامی تنظیموں کا بھی دورہ کریں گی۔

آئی آر سی کے مطابق انجلینا جولی دورہ پاکستان کے دوران بین الاقوامی برادری، خصوصاً کاربن کے اخراج میں سب سے زیادہ شامل ممالک کو متاثرین کی فوری مدد فراہم کرنے کی ترغیب دیں گی۔

وہ دورے کے دوران اس بات کا مشاہدہ کریں گی کہ پاکستان جیسے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے اس بحران کی سب سے بڑی قیمت کس طرح ادا کر رہے ہیں، جس کے وہ ذمہ دار بھی نہیں ہیں۔

آئی آرسی میں پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹرشبنم بلوچ کا کہنا ہے کہ موسمیاتی بحران کے باعث پاکستان میں زندگیاں اورمستقبل تباہ ہورہے ہیں، خصوصاً خواتین اور بچوں سے متعلق سنگین نتائج سامنے آرہے ہیں، موجودہ صورتحال کے نتیجے میں آنے والا معاشی نقصان فوڈ سکیورٹی اور خواتین کیخلاف تشدد میں اضافے کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ “ ہمیں فوری طورپران متاثرہ افراد تک پہنچنا چاہیے جنہیں فوری مدد کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق نقصانات روکنے کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ آنے والے مہینوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں توہم امید کرتے ہیں کہ انجلینا جولی کے دورہ پاکستان سےدنیا کواقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔“

پاکستان بھرمیں تباہ کُن بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ 3 کروڑ 3 لاکھ سے زائدافراد متاثرہوئے ہیں۔

پاکستان

Rain

UNHCR

Angelina Jolie

Floods in Pakistan

IRC