Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

شہباز اور حمزہ کی حاضری معافی درخواست منظور، کمپنیوں کے 8 منجمد اکاؤنٹس بحال

عدالت نے فریقین کے وکلاء کو بریت درخواستوں پر دلائل کے لئے 30 ستمبر کو طلب کر لیا
شائع 19 ستمبر 2022 05:27pm
کوئی رقم موجود نہیں ہے۔ فوٹو — فائل
کوئی رقم موجود نہیں ہے۔ فوٹو — فائل

منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی درخواست منظور کرلی گئی۔

اسپیشل جج سینٹرل لاہور اعجاز حسن اعوان نے کیس کی سماعت کی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف ملک سے باہر ہیں جب کہ حمزہ شہباز کی کمر میں تکلیف ہے لہٰذا ان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔

بنکس کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ جن اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ان میں کوئی رقم موجود نہیں ہے۔

دوسری جانب شہاز شریف کے وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ یہ اکاؤنٹس قرض کے لئے کھولے گئے ہیں، سیزن کے دوران ان اکاؤنٹس میں قرض کی رقم وصول اور رقم جمع کروائی جاتی ہے۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ دیگر اکاؤنٹس کمپنیوں کے مختلف معاملات چلانے کے لئے کھولے گئے ہیں، منجمد کیے گئے اکاؤنٹس میں سلمان شہباز کا کوئی عمل دخل نہیں ہے جب کہ یہ تمام اکاؤنٹس کمپنی کے نام سے کھولے گئے ہیں، لہٰذا عدالت اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے۔

وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے شہباز فیملی کے 8 کمپنیوں کے منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی درخواست منظور کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بریت درخواستوں پر دلائل کے لئے 30 ستمبر کو طلب کر لیا-

Shehbaz Sharif

money laundering

lahore

Session court

Hamza Shehbaz