Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت اور احترام سے منایا گیا

سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2022 09:09pm
وزارت داخلہ میں سیکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کے لیے سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔
(فائل فوٹو)
وزارت داخلہ میں سیکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کے لیے سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔ (فائل فوٹو)

ملک بھر میں نواسہ رسول امام حسین اور ان کے رفقاء کا چہلم عقیدت اور احترام سے منایا گیا، چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر تاریخی امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام ہوا، اس سلسلے میں ایم اے جناح روڈ پر جلوس کی گزرگاہیں کنٹینر لگا کر بند کردی گئی۔

جلوس سیکیورٹی پر تین ہزار پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اہلکار تعینات تھے، شہر میں دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

مزید پڑھیں: چہلم امام حسین: ٹریفک پلان جاری، گرین لائن آپریشن معطل رہے گا

شہر میں گرین لائن بس اور پیپلز بس سروس بھی بند رہے گی، جبکہ ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔

شہری لسبیلہ سے نشتر روڈ اور گارڈن کا روڈ استعمال کریں گے اور لیاقت آباد،اسٹیڈیم روڈ کا متبادل روٹ تین ہٹی،جیل چورنگی ہوگا۔

لاہور میں بھی مرکزی جلوس کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں چھوٹے اور بڑے جلوس برآمد ہوں گے، جن کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔

پشاور میں بھی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقاء کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، آج دن بھرمختلف جلوس برآمد ہوں گے، جبکہ مجالس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

حافظ آباد میں بھی مرکزی جلوس مین بازار سے برآمد ہوگا۔

چہلم امام حسینؓ: سیکیورٹی کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فوسز کی تعیناتی کی منظوری

وفاقی حکومت نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اورسول آرمڈ فوسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی حکومت کی منظوری سے فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کے لیے پاک فوج کی خدمات کی منظوری دی ہے۔

وزارت داخلہ میں سیکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کے لیے سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ چہلم امام حسینؓ کے موقع پر پاک فوج، سول حکومت کی مدد کے لیے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز کی بھی سیکیورٹی خدمات سرانجام دیں گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاک فوج کےجوان پہلے ہی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں پر مامور ہیں، فوج سیلاب ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ چہلم کی سیکیورٹی کے لیے بھی اپنی خدمات دےگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چہلم امام حسینؓ کے موقع پر امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام فورسز کا استعمال کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ میں قائم سینٹرل کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور سیکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا، چہلم کے جلوس، راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کئےجائیں گے۔

چہلم حضرت امام حسینؓ: لاہور میں ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی

دوسری جانب لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس ہائی الرٹ ہے جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے شہر بھر میں ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔

لاہور میں چہلم امام حسینؓ کی مناسبت سے عزاداری جلوسوں اور مجالس کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پنجاب پولیس نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے مطابق چہلم امام حسین پر 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، عزاداری جلوسوں کی سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

سی سی پی او لاہور کا مزید کہنا ہے کہ مخصوص مقامات پر موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری، ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔

سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ جلوسوں کے لیے 3درجاتی حفاظتی حصار بنایا جائے گا جبکہ شرکاءکو تلاشی کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

Federal govt

pakistan army

lahore

security

Notification

chehlum imam hussain

armed forces