الیکشن کمیشن کو کراچی میں 23 اکتوبر کو بلدیاتی الیکشن یقینی بنانے کا حکم
سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کراچی میں 23 اکتوبر کو بلدیاتی الیکشن کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
کراچی میں بلدیاتی الیکشن جلد کرانے کی جماعت اسلامی اورپی ٹی آئی کی درخواستوں پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ۔
وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے لیے 23 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے، جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نے جو تاریخ مقرر کی اس پرالیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو تحریری بیان اور الیکشن کا نوٹیفکیشن بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی تاریخ کا اعلان
درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی ایما پرکراچی میں بلدیاتی الیکشن پر ٹال مٹول کر رہا ہے۔
بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے درخواستوں کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
اس سے قبل 14ستمبر کو الیکشن کمیشن نےکراچی کے تمام 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے23 اکتوبر کو پولنگ کا اعلان کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 23اکتوبر کو ہوں گے جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمیشن سے رپورٹ طلب کرلی گئی، رپورٹ آنے کے بعد بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پہلی بار 27 جولائی جبکہ دوسری بار 28 اگست کو پولنگ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ممکنہ بارشوں اور خراب موسم کے باعث 20 جولائی کو ملتوی کردیا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.