Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بغاوت پر اکسانے کا کیس: شہباز گل کی ضمانت منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔
شائع 16 ستمبر 2022 06:40pm
جسٹس اطہر من اللہ نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
جسٹس اطہر من اللہ نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہبازگل کی ضمانت منظورکرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں نامزد شہباز گل کی ضمانت سے متعلق 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں شہباز گل کے وکیل اور پراسیکیوٹر کے دلائل کا بتایا گیا ۔

مزید پڑھیں: شہباز گل کی 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ پراسیکیوٹرنہیں بتا سکے کہ شہبازگل نے جرم کی معاونت کے لیے مسلح افواج کے کسی افسرسے رابطہ کیا، اس کے ساتھ ایسی کوئی چیز بھی ریکارڈ پرنہیں لائی کہ آرمڈ فورسز کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی ہو۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کے ترجمان سےاس قسم کے لاپرواہ بیان کی توقع نہیں کی جاسکتی تاہم آرمڈ فورسز کا ڈسپلن اتنا کمزور نہیں کہ ایسے غیرذمہ دارانہ بیان سے نقصان پہنچے ۔

مزید پڑھیں: عدالتی حکم پر شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا

تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ عدالت کے سامنے ایسا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکا کہ شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے ،شہبازگل کومزید جیل میں رکھنا بےسود بلکہ ٹرائل سے پہلے سزا دینے کے مترادف ہوگا ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہرسماعت پرعدالت حاضری یقینی بنانے کے لیے ٹرائل کورٹ شہبازگل کوپابند کرسکتی ہے،عدالت کے سامنے ایسا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکا کہ شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد کریں۔

مزید پڑھیں: بغاوت پر اکسانے کا کیس: شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق شہباز گل کی 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت منظور کی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ صرف ضمانت کا فیصلہ اور عارضی مشاہدہ کر رہی ہے، ٹرائل کورٹ شہباز گل کیس کے عارضی مشاہدے سے متاثر ہوئے بغیر میرٹ پر مقدمہ سنے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کی 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

کیس کا پس منظر

سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو ٹی وی ٹاک شو میں ریاستی اداروں کےسربراہان کے خلاف بیانات کے الزام میں 9 اگست کو بنی گالا کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

شہباز گل کے خلاف تھانہ بنی گالا میں سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا، ایف آئی آر میں اداروں اور ان کےسربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

pti

imran khan

shahbaz gill

Islamabad High Court

Chief Justice Athar Minallah