ممنوعہ فنڈنگ کیس: سیاسی جماعتوں کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع
الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں دیگر سیاسی جماعتوں کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دے دیا۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے فنڈنگ ذرائع سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ایم کیو ایم اور اے این پی کے وکلا نے جواب جمع کرانے کےلیے مہلت کی استدعا کی تو ممبر کمیشن نے کہا کہ آپ لوگ اپنے کلائنٹ سے فیس لیتے ہیں ، پھر سماعت میں آکر کہہ دیتے ہیں کہ سینئر وکیل نہیں ہیں، یہ مناسب رویہ نہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا بیان حلفی غلط ، ممنوعہ فنڈز لینا ثابت: الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا
پی ٹی آئی کے نمائندے نے کہا کہ اس کیس میں بہت تاخیر ہو چکی ہے ،انہوں نے کمیشن کو سول کورٹ بنا دیا ہے، معاملے کو اسکروٹنی کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے جواب جمع کرائیں، اگلی سماعت پر حتمی دلائل ہوں گے، اب کیس ملتوی نہیں کیا جائے گا، جس نے جواب جمع کرانا ہے وہ کرائے ، ورنہ پھر ہم فیصلہ سنا دیں گے ۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔
واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس 2014 میں شروع ہوا تھا جس کا فیصلہ 21 جون 2022 کو محفوظ کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے 2 اگست کو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے بیان حلفی کو غلط قرار دیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا تھا۔
Comments are closed on this story.