عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی ۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے فیصل چوہدری اور بیرسٹر گوہر نے تحریری جوابات الیکشن کمیشن میں جمع کروائے۔
عمران خان نے اپنے جواب میں توہین کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن کےدائرہ اختیار اور نوٹس کو چلینج کیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس آئین کیخلاف ہے۔
عمران خان نے اپنے بیانات میں الیکشن کمیشن کے کردار پر خدشات کا اظہار کیا، الیکشن کمیشن کے پاس توہین کے مقدمات سننے کا اختیار نہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس بھجوانے کا اختیار نہیں۔
کیس کی سماعت کے دوران فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں اس لئے توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس غیر آئینی ہیں، اس معاملے پر ہائی کورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں ممبر سندھ کے خلاف ریفرنس کے بارے میں بات کی۔
ممبر سندھ نثار درانی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیر التوا ہے، مناسب ہوگا کہ وہ خود کو بینچ سے علیحدہ کر لیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ تینوں جوابات کا جائزہ لے کر مناسب حکم جاری کریں گے۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے فیصل چوہدری کے اعتراض پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
Comments are closed on this story.