Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یو این سیکرٹری جنرل کا این ایف آر سی سی کا دورہ ، سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ

یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم ہاؤس کا دورہ بھی کیا۔
شائع 09 ستمبر 2022 02:38pm
انتونیو گوتیرس کو سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
انتونیو گوتیرس کو سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کا دورہ کیا ، جہاں انہیں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کے 2 روزہ دورے پر ہیں، اس دوران انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس کا دورہ بھی کیا جہاں ان کا استقبال وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔

اس کے بعد یو این سیکرٹری جنرل نیشنل فلڈ رسپانس کو آرڈی نیشن سینٹر (این ایف آرسی سی) پہنچے، وزیراعظم شہبازشریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔

سیلاب کے دوران عوام نے مشکلات اور تکلیف کا سامنا کیا، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران عوام نے مشکلات اور تکلیف کا سامنا کیا ہے، سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے جو سنگین صورتحال سے دوچار ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت پاک افواج کے بھرپور تعاون سے سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کررہی ہے، سیلاب کے بعد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا اولین ترجیح تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے مختلف ملکوں، اقوام متحدہ اور مختلف تنظیموں کی طرف سے امداد کے شکر گزار ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے، یو این سیکرٹری جنرل

اس موقع پر یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سیلاب ایک قدرتی آفت ہےجو کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آتا ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جن کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے،پاکستان کی افغان مہاجرین کی طویل عرصے تک مہمان نوازی کو سراہتے ہیں۔

یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثر ہورہا ہے،دورہ پاکستان کا مقصد سیلاب متاثرین اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔

انتونیو گوتیرس نے یقین دلایا کہ اقوام متحدہ کا پورا نظام پاکستان کی مدد کو تیار ہے، دنیا کو پاکستان کی صورتحال کا اندازہ کرنا چاہیئے۔

Islamabad High Court

antonio guterres

UN Secretary General

PM Shehbaz Sharif

NATIONAL FLOOD RESPONSE AND COORDINATION CENTRE

NFRCC