لاڑکانہ: مزدور پر تشدد و غیر انسانی سلوک، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا
لاڑکانہ: ڈوکری میں مزدور پر تشدد اور غیرانسانی سلوک کرکے رسیوں سے باندھ دیا گیا۔
ضلع لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری میں پودوں کے معاملے پر وارڈ نمبر 4 کے رہائشی محنت کش مزدور قربان چانڈیو پر گاڈھی برادری کے افراد نے بہیمانہ تشدد اور غیر انسانی سلوک کرتے ہوئے رسی سے باندھ لیا۔
واقعے کے حوالے سے بتاتے ہوئے متاثر شخص قربان چانڈیو کا کہنا تھا کہ میں ڈوکری فارم میں رہتا ہوں، گاڈھی برادری نے پہلے بھی ہم سے دو بار ناجائزی کی ہے، میں نے صرف ان کے بچوں کو کہا کہ تم لوگوں نے پودوں کو کیوں گرایا، جس پر ان کی خواتین نے چلا کر اپنے مردوں کو بلا کر میرے ساتھ ناجائزی کی ہے۔
قربان چانڈیو نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ میں غریب ہوں، مجھ پر جانوروں جیسا تشدد کیا گیا ہے، میری مدد کی جائے۔
دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ آصف رضا بلوچ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی کو ملزمان کے خلاف فوری کاروائی کے احکامات جاری کردیئے، جس پر ڈوکری تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے- جبکہ تشدد میں ملوث لیاقت گاڈھی سمیت تین افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دیگر ملزمان کی شناخت کرکے انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا، کسی بھی معاملے پر قانون کو ہاتھ میں لینے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
Comments are closed on this story.