Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان نے ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے سے زائد جمع کرلیے

ٹرانسمیشن میں دنیا بھر سے پاکستانیوں نے کال کر کے بڑے بڑے عطیات دینے کا وعدہ کیا۔
شائع 30 اگست 2022 11:19am

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اورسابق وزیراعظم عمران خان نے سیلاب زدگان کے لیے انٹرنیشنل ٹیلی تھون میں 500 کروڑ سے زائد کے عطیات اکٹھے کرلیے۔

ملکی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے منعقد کی جانے والی اس 3 گھنٹےسے زائد ٹیلی تھون کی نظامت فیصل جاوید خان نے کی۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے مطابق ٹیلی تھون کے دوران ملک بھرکے سیلاب متاثرین کے لیے 500 کروڑ روپے سے زائدکے عطیات دینے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد رقوم بھیجے جانے کے سلسلے کا بھی آغاز کردیا گیاہے۔

ٹیلی تھون میں وزرائے اعلیٰ پنجاب اورخیبرپختونخوا چوہدری پرویزالٰہی اورمحمود خان، عمران خان کی سابق معاون برائے سماجی تحفظ ثانیہ نشتر، ماریہ بی، عتقیہ اوڈھو، شفائ یوسفزئی سمیت دیگرشریک تھے۔

عمران خان کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے اس ٹرانسمیشن میں دنیا بھر سے پاکستانیوں نے کال کر کے بڑے بڑے عطیات دینے کا وعدہ کیا، پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان نے بھی ٹیلی تھون میں اپنی جانب سے 50 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔

گزشتہ روز عمران خان کی لائیور تقاریرپرعائد پابندی ہٹائے جانے کے بعد اس لائیو ٹیلی تھون سے کیے جانے والے ان کے خطاب کو متعدد ٹی وی چینلز نے براہ راست نشرکیا۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مون سون بارشوں سے آنے والے سیلاب کے باعث پورا پاکستان متاثر ہوا، تباہ کن سیلاب سے ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔

ٹیلی تھون میں مولانا طارق جمیل نے خصوصی دعا بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی تباہی سے بچانے کے لیے ملک میں مزید ڈیم بنانا ہوں گے، سیلاب سے ہونے والی تباہی سے بچنے کا واحد حل ڈیموں کی تعمیر ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق وہ سیلاب زدگان کی مدد کے ساتھ ساتھ ملک میں حقیقی آزادی کی جد جہد بھی جاری رکھیں گے۔

ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کے بعد فیصل جاوید نے اسے تاریخی کامیابی قراردیتے ہوئے تکنیکی ٹیم کو سراہا۔

pti

پاکستان

imran khan

Rain

floods

Telethon