Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

دنیا بھر کے ممالک کا پاکستان کیلئے امداد کا اعلان

برطانیہ، ترکی، امارات نے امدادی سامان بھیج دیا، فرانس نے مدد کی پیشکش کردی
شائع 28 اگست 2022 12:53pm
صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد رہائشی سیلابی پانی سے گزر رہے ہیں، تصویر: اے ایف پی
صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد رہائشی سیلابی پانی سے گزر رہے ہیں، تصویر: اے ایف پی

پاکستان میں آنے والے سیلاب اور بے انتہا بارشوں کے سبب ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد دنیا بھرکے ممالک انسانی ہمدردری کے تحت سیلاب متاثرین کی امداد کرنے کے لئے پیش پیش ہیں۔

بدترین سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی سے ایک ہزار سے ذائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس کے پیش نظربرطانیہ نے پاکستان کے لئے 15 لاکھ پاؤںڈز امداد کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر نے اپنی ٹوئٹ میں برطانوی حکومت کا پیغام شئیرکرتے ہوئے لکھا کہ “یہ وقت ایک ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، جس کے لئے برطانیہ 15 لاکھ پاؤنڈ کی فوری مدد فراہم کررہا ہے”۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ “ترکیہ سے امدادی سامان لے کر دو جہاز کل کراچی پہنچیں گے، جس میں سیلاب متاثرین کے لئے خیمے، ادویات اور دیگر اشیاء شامل ہیں”۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امداد کا اعلان کیا، جس میں تقریباً تین ہزار ٹن غذائی اشیاء سمیت متاثرین کے لیے خیمے بھی بھیجے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات نے ٹوئٹ میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان آج سہہ پہر ساڑھے چار بجے پہنچے گا۔

اسلامی تعاون کی تنظیم (اوآئی سی) نے بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے تنظیم کے رکن ممالک سمیت اسلامی تنظیموں اوربین الاقوامی برادری سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ میں بھی پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے بارے میں سوچ رہا ہوں، انہوں نے کہا کینیڈا بھی جتنی جلدی ممکن ہو کھانا، صاف پانی، اور دیگر ضروری خدمات فراہم کر رہا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پاکستان سیلاب سے متاثرین کے لئے امداد کی پیشکش کردی ہے، ان کہنا ہے کہ فرانس مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

Rain

Balochistan flood

Sindh floods

Pakistan Flood