Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک فوج نے سوات میں پھنسے 110 افراد کو ریسکیو کرلیا

پاک فوج کے ہیلی کاپٹر وں نے سوات میں محصور خاندانوں کو نکالنے کے لیے کامیاب پروازیں کیں۔
اپ ڈیٹ 28 اگست 2022 12:44pm
ریسکیو کیے گئے افراد کو کھانہ ،ضروری طبی امداد  فراہم  کی گئی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ڈان نیوز
ریسکیو کیے گئے افراد کو کھانہ ،ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ڈان نیوز

پاک فوج نے سوات میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال میں پھنسے110افراد کو ریسکیو کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے سوات میں محصور خاندانوں کو نکالنے کے لیے کامیاب پروازیں کیں۔

ہیلی کاپٹرز کے ذریعے خوازہ خیلہ میں پھنسے 110افراد کو ریسکیو کرکے کانجو کینٹ منتقل کیا گیا جبکہ ریسکیو کیے گئے افراد کو کھانہ اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔

کمراٹ کی پہاڑیوں پر پھنسے افراد کے ریسکیو کےلیے ہیلی کاپٹر جلد روانہ ہوں گے جبکہ ہیلی کاپٹر کانجو کینٹ سوات میں موسم بہتر ہونے کے منتظر ہیں۔

سیلاب متاثرین کے لیے دیراسکاوٹس کی جانب سے فلڈ ریلیف سینٹر قائم کر دیا گیاہے جبکہ دیراسکاوٹس کنٹرول رومز کے نمبر بھی جاری کر دیے گئے۔

دوسری جانب شدید موسم کی وارننگ اور سیلاب کے خطرے کے باوجود پشاور کور کے جوانوں کی کامیاب کوششیں جاری ہے، کتنا بھی خطرہ کیوں نہ ہو پاک فوج عوام تک پہنچنے اور جانیں بچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

اسی لیے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی کہا کہ ہماری پہلی ترجیح پاکستانی عوام ہیں۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ اور بحریہ کا ریسکیو، ریلیف اور بحالی کا آپریشن

دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ اور بحریہ کا ریسکیو، ریلیف اور بحالی کا آپریشن تیز ی سے جاری ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں میں راشن پیک، 3100 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 1100 پانی کی بوتلوں سمیت دیگر اشیاء ضروریہ پر مبنی امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔

فری میڈیکل کیمپ میں مقامی لوگوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

فیلڈ اسپتالوں میں تعینات پی اے ایف کی میڈیکل ٹیموں نے 721 مریضوں کو مفت طبی امداد بھی فراہم کی۔

دوسری جانب پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کی مدد سے قمبر، لاڑکانہ، سانگھڑ اور سکھر کے نواحی علاقوں میں محصور افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ۔

متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرزکے ذریعے راشن بھی تقسیم کیا گیا، طبی سہولیات کی مسلسل فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ اور فضائیہ مصیبت کے شکار ہم وطنوں کی بحالی تک امدادی آپریشن جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔

سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج اور ایف سی کا ریسکی اور ریلیف آپریشن

ادھر بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج اورفرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کا ریسکیواور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

مون سون کی طوفانی بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کردیا، جانی نقصانات کے علاوہ راستوں کی بندش سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پاک فوج اورایف سی نے سول اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب میں پھنسے1000 سےزائدافرادکوریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

کوئٹہ کے نواحی علاقوں کلی ناصران، نواں کلی اوردشت میں لوگوں کو ریسکیوکرکےمحفوظ مقام پرمنتقل کیا گیا۔

پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے کوئٹہ، مسلم باغ، سوئی، مچھ، ڈیرہ بگٹی، سبی، دوبندی، لہڑی، سدوری اور اراکی ضلع لسبیلہ کے مختلف مقامات پر فری میڈیکل کیمپس قائم کرکے متاثرین کو تیار کھانا اور دیگر سامان بھی فراہم کیا۔

ذرائع آمدورفت کی جلد بحالی کے لیے شاہراؤں اورپلوں کی مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، 6 ٹریفک مینجمنٹ ٹیموں کو تعینات کرکے آر سی ڈی شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

لینڈسلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی میری ،لاکھڑاروڈاورسبی تارکھنی روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

لنڈاپل میں پانی کی سطح کم ہونے پر مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے، جسے جلد مرمت کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے ایک عشرے تک ملک بھر سے کٹا ہوا بلوچستان دوبارہ جڑجائےگا۔

rawalpindi

ISPR

pakistan army

floods

rescue operation

army helicopter