Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گلگت بلتستان بھی بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر

گلگت بلتستان کے دس اضلاع میں مختلف قدرتی آفات سے 4 ارب روپے سے زائد مالیت کی عوامی املاک تباہ ہوئیں
شائع 27 اگست 2022 03:53pm
تصویر بزریعہ ٹورسٹ پولیس گلگت بلتستان
تصویر بزریعہ ٹورسٹ پولیس گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کو اب تک ہونی والی بارشوں اور سیلاب نے شدید متاثر کیا ہے۔

گلگت بلتستان حکومت کی طرف سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق 30 جون 2022 سے 26 اگست 2022 کے درمیان سیلاب اور بارشوں کے باعث گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے دس اضلاع میں مختلف قدرتی آفات سے 4 ارب روپے سے زائد مالیت کی عوامی املاک تباہ ہوئیں ہیں۔

جس میں 383 مکمل طور پر تباہ شدہ گھر اور 257 جزوی طور پر تباہ شدہ “پکے” گھر شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 52 پل بھی تباہ ہوئے ہیں جس سے 360 ملین روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ ان تباہ شدہ پلوں میں سے 43 کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

سرکاری تخمینے کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران گلگت بلتستان کو 7 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر سرکاری اداروں نے متاثرین کی بحالی کے لئے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور اب تک 62 ونٹرائزذ ٹینٹس، 769 ٹینٹس، 666 راشن بیگز، 326 کمبل، 162 رضائیاں، 422 فوم میٹریس، 419 تکیے، 690 پلاسٹک میٹس، 360 گیبنز، 126 ترپال، 50 سینڈ بیگز، 59 سلیپنگ بیگز، ایک جنریٹر(3.5 کلوواٹ)، ایک واٹر ٹینک، چار پورٹیبل واش رومز متاثرہ خاندانوں اور علاقوں کو مہیا کردئے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان

flood

Pakistan Flood