Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بلوچستان کے لوگوں کو کھانا پہنچائیں، ایوب کھوسہ کی اپیل

اداکار ایوب کھوسہ نے سیلاب سے متاثرعوام کی مدد کی اپیل کردی
شائع 25 اگست 2022 07:48pm

سینئر اداکار ایوب کھوسہ نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے عوام کی مدد کی اپیل کردی۔

ایوب کھوسہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ بلوچستان کے ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں موجود ہیں جہاں پانی کے بےحد بہاؤ کی وجہ سے کوئٹہ کراچی کا زمینی راستہ بند ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کوئٹہ کا پاکستان سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

اداکار نے بتایا کہ بلوچستان کے تمام ڈسٹرکٹ بےحد خراب صورتحال کا شکار ہیں اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ایوب کھوسہ نے کہا کہ لوگوں کی زندگی بہت مشکل میں ہے میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے واسطے آگے بڑھیں لوگوں کے گھر واپس بنانے اور مال مویشی لوٹانے میں ان کی مدد کریں۔

اداکار نے اپیل کی کہ بلوچستان کے لوگوں کو کھانا پینا پہنچائیں آپ سیلاب زدگان کی زندگی آسان بنائیں اللہ آپ کی زندگی آسان بنائے گا۔

دوسری جانب گلوکارہ حدیقہ کیانی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہونے والے لوگوں کے لیے امداد کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی، رابطہ سڑکیں بہہ جانے اور پل ٹوٹنے کے باعث بلوچستان کا ملک کے دیگر تمام صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 250 سے زائد افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد بےگھر ہو چکے ہیں اس علاوہ فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

monsoon rains

Balochistan flood

Ayub khoso

Hadiqa kiyani