Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار فوج کے حملے کی 5ویں برسی، عالمی نمائندوں کا مشترکہ وزارتی بیان

پانچ سال قبل میانمار کی فوج نے رخائن میں روہنگیا کی برادریوں پر پرتشدد حملہ کیا۔ ہزاروں روہنگیا مردوں، عورتوں اور بچوں کو قتل، عصمت دری اور تشدد کا نشانہ بنایا اور سات لاکھ سے زائد کو بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور کیا۔
شائع 25 اگست 2022 06:18pm
-روئٹرز
-روئٹرز

میانمار فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں حملے کی پانچویں برسی کے موقع پر یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے، آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، ناروے، برطانیہ اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کی جانب سے مشترکہ بیان سامنے آیا ہے۔

عالمی نمائندوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پانچ سال قبل میانمار کی فوج نے رخائن میں روہنگیا کی برادریوں پر پرتشدد حملہ کیا۔ ہزاروں روہنگیا مردوں، عورتوں اور بچوں کو قتل، عصمت دری اور تشدد کا نشانہ بنایا اور سات لاکھ سے زائد کو بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور کیا، جہاں وہ اُن دوسرے باشندوں میں شامل ہو گئے جنہوں نے اس سے پہلے کے حملوں اور دہائیوں کے نظامی امتیازی سلوک سے فرار اختیار کی تھی۔

بیان کے مطابق روہنگیا کے خلاف ان افسوس ناک کارروائیوں نے حالیہ تاریخ میں اقلیتوں کے بڑے پیمانے پر اخراج میں سے ایک کو جنم دیا۔

عالمی نمائندوں کا کہنا تھا کہ ہمیں اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کے مستقل نمونوں کے قیام پر تشویش ہے، جن میں سے بہت سے بین الاقوامی قانون کے تحت سنگین جرائم کے مترادف ہیں۔ ہم مجرموں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے دیگر اقدامات کو بھی تسلیم کرتے ہیں، بشمول بین الاقوامی عدالت انصاف کے سامنے گیمبیا کی کوششیں، جو فی الحال اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا روہنگیا کے خلاف میانمار کی فوج کے ذریعے کیے جانے والے مظالم بھی نسل کشی کے مترادف تھے۔

علمی نمائندوں نے اعادہ کیا کہ میانمار کو بین الاقوامی عدالت انصاف کے عارضی اقدامات کے حکم کی تعمیل کرنی چاہیے۔

وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے عالمی نمائندے نے بیان میں مزید کہا کہ وہی کردار جنہوں نے ان قابل مذمت اقدامات کا ارتکاب کیا، انہوں نے فروری 2021 میں فوجی بغاوت کی قیادت کی، اور آج بھی میانمار میں دیگر نسلی اور مذہبی اقلیتوں سمیت سیاسی مخالفین اور کمزور آبادیوں کے خلاف مظالم کا ارتکاب جاری رکھے ہوئے ہیں، اور کئی دہائیوں سے ایسا کر رہے ہیں۔

“روہنگیا کے لوگ خود انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور زیادتیوں، امتیازی سلوک، منظم ظلم و ستم اور بنیادی خدمات بشمول شہریت کے حق تک رسائی سے انکار کا شکار ہیں۔

رکائن میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ روہنگیائی لوگ ایک دہائی سے نقل و حرکت کی آزادی کے بغیر کیمپوں میں قید ہیں۔ موجودہ حالات میں خواتین اور لڑکیاں انتہائی خطرے میں ہیں۔“

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم روہنگیا کے خلاف 2017 کی ظالمانہ مہم کے پانچ سال مکمل ہونے پر روہنگیا کمیونٹیز کی ہمت کو سراہتے ہیں اور تمام متاثرین کو یاد کرتے ہیں۔ ہم ان خلاف ورزیوں اور بدسلوکی کے مرتکب افراد کو احتساب کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، اور میانمار اور اس مقصد میں تعاون کرنے والے دیگر افراد کے لیے آزاد تحقیقاتی میکانزم کے کام کو تسلیم کرتے ہیں۔

عالمی نمائندوں نے میانمار کی فوجی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف تشدد بند کرے جنہوں نے اس کے دور حکومت میں کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور میانمار میں روہنگیا اور دیگر کمیونٹیز کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا سامنا کیا ہے۔

“ہم اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں، بنگلہ دیش اور دیگر میزبان ممالک کا ان کی فراخدلی اور روہنگیا کو جان بچانے والی مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بنگلہ دیش کی حمایت کے لیے وقف ہیں کہ تمام پناہ گزینوں اور متاثرہ میزبان برادریوں کی ضروریات اور حقوق کو پورا کیا جائے۔”

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم روہنگیا برادریوں کے تحفظ اور امداد میں توسیع کے لیے انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی اہم کوششوں کی بھی تعریف کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ روہنگیا متاثرین کے لیے انصاف کو یقینی بنانے، میزبان برادریوں کی حمایت، اور ایسے حالات کو فروغ دینے میں مدد کرے جو ان کی برادریوں میں محفوظ، رضاکارانہ، باوقار اور پائیدار واپسی کی اجازت دے سکیں۔

عالمی نمائندوں کا کہنا تھا کہ میانمار کے مستقبل کے بارے میں بات چیت میں روہنگیا کو بامعنی طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔

European Union

Myanmar Military

Rohingya Genocide