Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

محکمہ موسمیات نے مزید موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کردیا

بارشوں کا سلسلہ 26 اگست تک جاری رہے گا
اپ ڈیٹ 25 اگست 2022 06:36pm
سند میں بارشوں کے باعث حیدرآباد میں ریلوے ٹریک بھی زیر آب آگیا، تصویراے پی پی
سند میں بارشوں کے باعث حیدرآباد میں ریلوے ٹریک بھی زیر آب آگیا، تصویراے پی پی

محکمہ موسمیات نے ملک میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

ملک میں مون سون ہواؤں کے داخل ہونے کے بعد 26 اگست (کل) تک سندھ، جنوبی پنجاب، جنوب اورشمال مشرقی بلوچستان میں بارش اور کہیں کہیں پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا شدید کم دباؤ راجستھا ن (انڈیا) پرموجود ہے، جو مغرب/شمال مغرب کی جانب بڑھے گا، جس کے نتیجے میں مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ جنوبی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

مزید بتایا کہ 23 اگست کی رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ 26 اگست تک جاری رہے گا، جس دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیراور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھاربارش کا بھی امکان ہے۔

سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں

سندھ میں بارشوں اورسیلاب کے باعث متعدد زیرآب علاقوں کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں تین ہزار سے زائد دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے آج بھی بند ہیں، جبکہ ٹنڈو محمد خان، خیرپور، ٹنڈوالہ یار، کندھ کوٹ سمیت کئی اضلاع میں ہزاروں گھرمٹی کا ڈھیربن گئے۔

اس کے علاوہ سیلاب نے صوبے بھر میں فصلین تباہ کردی ہیں، جبکہ متاثرین سیلاب کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجبور ہوگئے ہیں۔

بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچادی، اموات کی تعداد 903 ہوگئی

نيشنل ڈيزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹى (این ڈی ایم اے) نے حاليہ بارشوں اور سیلاب میں جانى و مالى نقصانات کی رپورٹ جارى کر دی۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے مزيد 73 اموات ہوئیں، جس کے بعد 14 جون سے اب تک مجموعی طور پر 903 افراد جان کى بازى ہار گئے۔

نوٹ:اس خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔

پاکستان

Heavy rain

Sindh Rains