وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو حقیقی طور پر غلامی سے آزاد کروائیں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو حقیقی طور پر غلامی سے آزاد کروائیں۔
ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے اگر کوئی بات کی ہے تو اسے قانون کے مطابق ہینڈل کرنا چاہیئے تھا، شہباز گل کو اغوا کر کے 2 دن تک غائب رکھا گیا، شہباز گل پر جنسی تشدد کیا گیا، یہ کس ملک میں ہوتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں شہباز گل پر تشدد ثابت ہو گیا ، میں نے مجسٹریٹ کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لینے کا کہا تومجھ پر مقدمہ کر دیا گیا ، عمر ایوب پر بھی پولیس کے تشدد کا مقدمہ درج کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی اور انتظامیہ کے باوجود پنجاب کا الیکشن ہار گئے، یہ مجھے ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنا چاہتے ہیں اور مجھے توہین پر نااہل کرنا چاہتے ہیں، حقیقی آزادی کو اب کوئی نہیں روک سکتا ، سندھ حکومت کو کہتا ہوں اپنی عوام کا بھی سوچ لو ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قطر جانے کی بجائے اپنی عوام کی مدد کرو،تمہیں کوئی پیسے نہیں دے گا ،چوروں کو کوئی پیسہ نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،میڈیا میں مجھے بند کر دیا گیا،سوشل میڈیا کے ورکروں کو سلام پیش کرتا ہوں،سوشل میڈیا کے ورکروں کو کہتا ہوں کہ اداروں کو نقصان نہیں پہنچانا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن وقت کی ضرورت ہے ،معاشی استحکام نئے انتخابات سے ہی آئے گا،فوری انتخابات کا اعلان کریں ورنہ میں عوام کو تیار کر رہا ہوں،ہری پور اسلام آباد کے قریب ہے میری کال پر چاروں اطراف سے لوگ آئیں گئے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی اسلام آباد کی حکومت ہمیں نہیں روک سکے گی، میری کال پر خیبر پختونخوا نے نکلنا ہے، پاکستانی عوام فیصلہ کرے گی کہ پاکستان پر حکمرانی کون کرے گا، میری کال سے پہلے خیبر پختونخوا کی تمام تنظیمیں مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں 20 کروڑ مسلمان آج آزاد نہیں ہیں، بھارت میں مسلمانوں کا حال دیکھ لیں، قائداعظم کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ انہوں نے ہمیں آزاد ملک دیا، ہم نے انگریز کے بعد ہندؤں کی غلامی نہیں کی لیکن اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو حقیقی آزادی دلائی جائے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہو،ہمیں دھمکی ملی کہ امریکاکی جنگ میں شرکت نہ کی تو پاکستان تو تباہ کردیا جاتا، میں ہوتا تو امریکاکو کہتا ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں،میں اپنی قوم کے حقوق کے ساتھ کھڑا ہوں ،میں روس گیا تو یہ سوچا کہ کم قیمت میں پیٹرول لاؤں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری جیل سے نکلنے کے بعد چوری شروع کردیتا ہے، شہباز شریف تم اور تمھارا بھائی پیسہ چوری کرو اور قوم اس کو ادا کرے، حکومت نے فیصلہ کیا عمران خان بہت بڑا دہشت گرد ہے، اس کے خلاف ایریسٹ وارنٹ جاری کیا جائے، ملک کی خدمت کرنے والے کو اغوا کرکے لے گئے۔
Comments are closed on this story.