Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اوورسیزپاکستانیوں کی ووٹنگ سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ کا درخواست پراعتراضات ختم کرکے سماعت کیلئے مقررکرنے کا حکم
اپ ڈیٹ 24 اگست 2022 02:43pm
تصویر: اے پی پی
تصویر: اے پی پی

سپریم کورٹ نے اوورسیزپاکستانیوں کی ووٹنگ سے متعلق درخواست پراعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقررکرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی دائر کردہ درخواست پرسماعت کی ۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ اوورسیزپاکستانی سالانہ 30 ارب ڈالربھیجتے ہیں، جنہیں کہا گیا آپ ووٹ نہیں دے سکتے، ووٹ ڈالنا ہے تو ٹکٹ لیکر پاکستان آؤ۔ جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے کہا کہ سمندر پارپاکستانی تو بغیر کسی شرط کے30 ارب ڈالربھیجتے ہیں۔

شیخ رشید احمد کے وکیل نے کہا کہ بظاہرالیکشن کمیشن نے خدشات پرووٹ کاحق ختم کیا ہے، جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ انتخابات میں جعلی ووٹ اوردھاندلی تو یہاں بھی ہوتی ہے، جس کیخلاف قانون موجود ہے۔ ایکسیڈنٹ ہونے پر موٹروے بند نہیں کی جا سکتی, کیا دھاندلی کے خدشات پرانتخابات کرانا ہی بند کردیے جائیں گے؟

جسٹس اعجازالاحسن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی روکنے کیلئے اپنے اختیارات استعمال کیوں نہیں کرتا؟ الیکشن کمیشن کے خدشات کودورکیا جانا ضروری ہے تاہم اوورسیزکے ووٹ کا ختم کرنا درست نہیں ہے۔

بنچ نے کہاکہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا جائزہ بنیادی حقوق سے متصادم ہونے پر ہی لیں گے، بظاہر اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مفاد عامہ اور بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے، عدالت متعدد باراوورسیزپاکستانیوں کے حقوق سے متعلق فیصلے دے چکی ہے۔

جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا موجودہ اسمبلی بنیادی حقوق کے حوالے سے ترامیم کرنے کی مجازہے؟اسمبلی میں اس وقت ارکان کی تعداد بہت کم ہے۔ پوری دنیا میں ماڈرن ڈیوائسز استعمال ہوتی ہیں، ہرکام میں جدید آلات استعمال ہوتے ہیں توووٹنگ میں کیوں نہیں؟

سپریم کورٹ نےشیخ رشید کی درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقررکرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب سماعت کے لیے سپریم کورٹ آنے والے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے، مسلم لیگ ن اور ش آمنے سامنے آنے والی ہیں، 13 جماعتیں عمران خان کو دیوار سے لگانا چاہتی ہیں، اسی سال الیکشن ہوتے دیکھائی دے رہے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ عدلیہ بھی محسوس کرتی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہونا چاہئے، یہ حق ملنے سے آئندہ الیکشن کا نتیجہ اہم ہو گا،اس ملک میں دہشتگردی کو گلی ڈنڈے کا کھیل بنا دیا گیا ہے،جن جگہوں پرسیلاب نہیں آیا وہاں شہباز شریف کا عذاب آیا ہوا ہے۔

Supreme Court

voting

Shaikh Rasheed

Overseas Pakistani