‘کراچی ضمنی انتخاب میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی’
کراچی ضمنی انتخابات کا عمل صاف و شفاف بنانے اور پرامن ماحول کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ متحرک ہوگئے۔
میڈیا سے گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کی پولنگ میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز آئیں۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس اور مستعد رہیں۔
مزید پڑھیں: این اے 245 کراچی پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری
انہوں نے ہدایت کہ پولنگ میں بدامنی پھیلانے پر موقع پر گرفتاری کی جائے، بلا امتیاز اور بلا تفریق ہر خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک رہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ عوام افواہوں پر یقین نہ کریں، مصدقہ معلومات اور شکایات کے لیے صوبائی اور مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے، ہر صورت میں شفاف اور پرامن امن الیکشن کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 17امیدوار مدِ مقابل ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی، یہ نشست پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔
حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
Comments are closed on this story.