Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

فیصل آباد: میڈیکل کی طالبہ پربہیمانہ تشدد کرنے والے 6 ملزمان گرفتار

شیخ دانش نے بیٹی اور گارڈز کے ساتھ طالبہ کے گھرپردھاوابول کراسے اغواء کیا
اپ ڈیٹ 17 اگست 2022 05:03pm
تصویر: فیصل آباد پولیس
تصویر: فیصل آباد پولیس

فیصل آباد میں شادی سے مبینہ انکارپربی ڈی ایس کی طالبہ کے ساتھ انسانیت سوزسلوک کرنے والے مبینہ مرکزی ملزم شیخ دانش سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سوشل میڈیا پرمتاثرہ لڑکی پرتشدد کی ویڈیوزسامنے آگئیں جن میں اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کےعلاوہ جوتیاں چٹوا کرمعافی منگوائی جارہی ہے۔

طالبہ کے اغواء اورتشدد میں ملوث گھریلو ملازمہ سمیت 6 ملزمان کو پولیس نے رات گئے چھاپے مار کر گرفتار کیا تھا۔

پولیس نے گزشتہ رات مرکزی ملزم شیخ دانش کے گھر چھاپے کے دوران شراب کی بوتلیں اور اسلحہ بھی قبضہ میں لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے 50 سے زائد ایمپورٹڈ شراب کی بوتلیں، اسلحہ اور موبائل فونز بھی قبضہ میں لیے ہیں۔

گرفتار ملزمان میں شیخ دانش، ماہم، خان محمد، شعیب، فیضان اوراصغر شامل ہیں جنہیں پولیس کی جانب سے آج مقامی عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

شراب برآمدگی پر ضمانت

شراب برآمدگی کے معاملے پر پولیس کی جانب سے ملزم دانش کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزم کی 50 ہزار روپے کے مچلکے پر ضمانت منظور کرتے ہوئے دوبارہ 31 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

ضمانت منظوری کے بعد پولیس ملزم دانش کو فیصل آباد لے گئی۔

ایف آئی آر کا متن

ایف آئی آر کے متن کے مطابق گزشتہ روز شادی سے انکار پر شیخ دانش نے اپنی بیٹی اینا شیخ اور سیکورٹی گارڈ کے ہمراہ سرگودھا روڈ کی رہائشی میڈیکل کی طالبہ کے گھر پر دھاوا بولا اور اسے اغواء کرکے اپنے گھر لے گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق طالبہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سر کے بال اور بھنویں کاٹنے کے علاوہ جوتیاں چاٹتے ہوئے معافی منگوانے پرمجبور کیا گیا اور زیادتی کی کوشش بھی کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ رات مرکزی ملزم شیخ دانش کے گھر چھاپے کے دوران پولیس نے 50 سے زائد غیرملکی شراب کی بوتلیں، اسلحہ اور موبائل فونز بھی قبضہ میں لیے ہیں۔ برآمد ہونے والی شراب اور اسلحہ کا مقدمہ بھی درج کیا جارہا ہے، اس حوالے سے ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

Faisalabad

Torture

medical student