Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پہلا ون ڈے: پاکستان نے نیدر لینڈز کو 16 رنز سے شکست دے دی

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 18 اگست بروز جمعرات کو روٹر ڈیم میں کھیلا جائے گا
شائع 16 اگست 2022 10:49pm
فخر زمان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فوٹو — آئی سی سی
فخر زمان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فوٹو — آئی سی سی

قومی کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو 16 رنز سے ہرا کر تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔

روٹر ڈیم میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس میں قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان ہر نیدر لینڈز کو جیت کے لئے 317 رنز کا ہدف دیا۔

پہلی اننگ میں بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے فخر زمان 109، کپتان بابر اعظم 74 اور شاداب خان 48 رنز اسکور کرکے نمایاں رہے۔ بولنگ میں میزبان ٹیم کے گیند بازوں میں بس دی لیک اور لوگن ون بیک دو، دو شکار کرنے میں کامیاب رہے۔

میچ کی دوسری اننگز میں نیدر لینڈز کی ٹیم 317 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 298 رنز بنا سکی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈوارڈ ناقابلِ شکست 71، ٹام کوپر اور وکرمجت سنگھ 65، 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بولنگ میں پاکستانی ٹیم کے نسیم شاہ اور حارث رؤف تین، تین جب کہ محمد نواز ایک کھلاڑی کو پویلیئن بھیجنے میں کامیاب رہے۔

اس کے علاوہ میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واحد سنچری اسکور کرنے پر فخر زمان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 18 اگست بروز جمعرات کو روٹر ڈیم میں کھیلا جائے گا۔

PCB

Baber Azam

pakistan vs netherlands

rotterdam