Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Awwal 1446  

جلالپور پیر والا میں مسافر بس آئل ٹینکر سے ٹکراگئی، 20 افراد جاں بحق

المناک حادثہ ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں پیش آیا، جہاں خوفناک حادثے کے بعد بس اور آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔
اپ ڈیٹ 16 اگست 2022 03:42pm
اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچی اور بس کاٹ کر لوگوں کو نکالا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچی اور بس کاٹ کر لوگوں کو نکالا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
بس لاہور سے کراچی کے لیے رات 9بجے روانہ ہوئی۔

جلالپور پیر والا میں تیز رفتار مسافر بس آئل ٹینکر سے ٹکراگئی، حادثے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

المناک حادثہ ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں اوچ شریف کے قریب رات تقریباً 2 بجے پیش آیا، لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس موٹروے ایم 5 پر آئل ٹینکر سے جا ٹکرائی، جس کے بعد بس اور آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔

حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہوچکی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہیں۔

اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچی اور بس کاٹ کر لوگوں کو باہر نکالا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق 6 زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے جن کا علاج جاری ہے۔

موٹروے پولیس نے جلتی بس سے 9 مسافروں کوبحفاظت نکالا، بس میں کل 24 مسافر سوار تھے۔

حادثے کا شکار بس کو لاہور سے براستہ سکھر، مورو، حیدر آباد سے ہوتی ہوئی 16 گھنٹے میں کراچی پہنچنا تھا، بدقسمت بس 2009 ماڈل تھی۔

لاہور سے کراچی کے لیے رات 9 بجے روانہ ہونے والی بس کو 2 ڈرائیور لے کر جاتے ہیں جبکہ اسٹاف سکھر جاکر تبدیل ہوجاتا ہے۔

حادثے کا شکار ڈائیو بس کے مسافروں کے نام سامنے آگئے

حادثے کا شکار ڈائیو بس کے مسافروں میں سے کچھ کے نام سامنے آگئے ہیں۔

لاہور سے ڈائیوو بس سروس کمپنی ذرائع کے مطابق 3 مسافر انس، شاہد اور اشرف کے ٹکٹ ایک ساتھ بک کرائے گئے تھے، اس کے علاوہ عدیل اور شاہد کے نام پر 3، 3 ٹکٹ بک ہیں۔

ایک مسافر شاہد یعقوب کے نام پر 4 ٹکٹ بک ہیں، حاشر احمد، حسن اور عبدالنافع کے نام پر 2، 2 ٹکٹ بک کرائے گئے۔

اس کے علاوہ نوید اشرف، محمد عرفان، زاہد، محمد مدثر، محمداحمد اور ریاض کے نام پر ایک ایک ٹک بک تھی۔

ڈائیوو بس کے 22 مسافروں نے لاہور سے کراچی پہنچنا تھا جبکہ لاہور سے عثمان اور رئیس کا ٹکٹ حیدر آباد کا بک تھا۔

ٹریفک حادثہ: وزیراعلیٰ پنجاب کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چوہدری پرویزالہٰی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس المناک حادثے پر ہر آنکھ اشکبار ہے، پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کمشنر ملتان سے المناک واقعے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثے کی ہر پہلو سے انکوائری کر کے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

cm punjab

traffic accident

Multan

Chaudhry Pervaiz Elahi

death casualties

jalalpur pirwala