Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، اموات کی تعداد 196 ہوگئی

حالیہ بارشوں سے کوئٹہ قومی شاہراہ پرمختلف مقامات پرٹریفک کی آمدورفت متاثرہوگئی۔
شائع 15 اگست 2022 10:57am
گزشتہ روز ہونے والی بارش اور سیلاب نے مزید 8 افراد کی زندگیاں چھین لی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آج ٹی وی
گزشتہ روز ہونے والی بارش اور سیلاب نے مزید 8 افراد کی زندگیاں چھین لی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آج ٹی وی

بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جس کے باعث اموات کی تعداد 196ہوگئی۔

حالیہ بارشوں سے کوئٹہ قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوگئی جبکہ بارکھان، رکھنی، ڈیرہ بگٹی، شیرانی، دھانا سر، فورٹ منرو، کوہ سلیمان، زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں بھی موسلا دھاربارش سے نشیبی علاقےزیرآب آگئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش اور سیلاب نے صوبے بھر میں مزید 8 افراد کی زندگیاں چھین لی۔

جس کے بعد اب تک اموات کی مجموعی تعداد 196 تک پہنچ گئی جبکہ مجموعی طور پر81 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں مون سون کی تباہی، جاں بحق افراد کی تعداد 182 ہوگئی

پی ڈی ایم اے کے مطابق قلعہ عبداللہ میں مزید 45 اور کوہلو میں 25 مکانات متاثر ہوئے جبکہ ڈیرہ بگٹی میں بھی 5مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ۔

جس کے بعد صوبے میں سیلاب اور بارشوں کے باعث تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 19 ہزار 767 ہوگئی ہے۔

صوبے میں سیلاب کے باعث ایک لاکھ 7ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوگئے جبکہ 690 کلو میٹر روڈ اور 18 پل تباہ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مزیدبارش کی پیشگوئی کردی۔

ڈیرہ غازی خان: طوفانی بارشوں سے برساتی ندی نالوں میں شدید طغیانی

دوسری جانب برساتی نالہ سنگھڑ میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آگیا، ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے سلسلے میں گزشتہ شب سے شروع ہونے والی طوفانی بارشوں سے برساتی ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔

فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق نالہ سنگھڑ میں پانی کا اخراج 2 لاکھ 55 ہزار761 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جو تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے۔

نالہ سنگھڑ کے سیلابی پانی کے بہاؤ سے منگروٹھہ عربی کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس سے بستی سوکڑ، بستی ڈگروالی سمیت تونسہ شریف کی درجنوں بستیاں زیرآب آگئیں ہیں جبکہ پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔

برساتی نالہ وڈور سے ڈیرہ غازی خان کی بھی درجنوں بستیاں زیرآب آ گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے تونسہ شریف سمیت دیگر سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرین کو نکالنے کے لیے پاک فوج سے فضائی مدد طلب کرلی۔

CPEC

PMD

بلوچستان

Rain

Dera Ghazi Khan

Balochistan flood