Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وطن عزیز کے تحفظ کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہادیں گے، وزیراعظم

ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو تقسیم ہند کے خون کی نظر ہوئیں، شہبازشریف
شائع 14 اگست 2022 10:06am
پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، شہباز شریف
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، شہباز شریف فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جوہری قوت بن سکتا ہے تو معاشی قوت کیوں نہیں، میثاق معیشت کا اس سب بہتر وقت کوئی اور نہیں ہوسکتا، وطن عزیزکےتحفظ کے لیے خون کاآخری قطرہ بھی بہادیں گے۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔

مرکزی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزراء، اراکین قومی اسمبلی وسینیٹ، عسکری قیادت اور دیگر شریک ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں سائرن بجایا گیا جبکہ ملک بھرمیں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

وزیراعظم کا پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ کے حضورسجدہ شکر بجالاتے ہیں، آج ہم قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونےکی خوشیاں منارہے ہیں، قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہاکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کی ترقی اور تعمیر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتا ہوں، دعا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو بھی جلد آزادی کی نعمت ملے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ملک بھر خصوصا بلوچستان میں بہت نقصانات ہوئے، سینکڑوں لوگ اللہ کو پیارے ہوئے، کئی بچے اور بچیاں بچھڑ گئے، بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کی ولولہ انگیز داستان ہمارے لیے ایک سبق ہے، جب قومیں اجتماعی نصب العین طے کرتی ہیں تو پہاڑ اور سمندر بھی ان کا راستہ نہیں روک سکتے، مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام ہے، جن کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو تقسیم ہند کے خون کی نظر ہوئیں، خون کے دریا عبور کیے، شہادتیں دیں لیکن مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، قائد کے فرمودات پر عمل کرکے ملک کو مضبوط بنانا ہوگا، مایوسی پھیلانے کا مقدر سوائے شکست کے کچھ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی حصول میں جدوجہد کرنے والے اقلیتوں کی جدوجہد کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، آئین ، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے ملک حاصل کیا گیا، پاکستان سول سوسائٹی کی خدمات کے اعتراف کا بھی دن ہے، عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز ایک مقدس امانت اور مشن ہے، وطن عزیز کے تحفظ کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہادیں گے، قیام پاکستان کا ایک مقصد مکمل ہوچکا جبکہ دوسرا مقصد ہم سب نے مل کر پورا کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صنعت وحرفت اور معیشت کے شعبے میں ملک ترقی کررہا ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں نمایاں افراد سامنے آرہے ہیں، آزادی کئی قربانیوں سے حاصل ہوئی ہے مل کر معاشی ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو جوہری طاقت بنانے کے لیے آغاز ذوالفقارعلی بھٹو اور تکمیل نواز شریف نے کی، نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہادر مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے، قائد اعظم نے ایمان ، اتحاد اور نظم وضبط کی تعلیم دی، امانت ، دیانت کو شعار بناکر اپنے مشن کو کامیاب بنانا ہوگا۔

اسلام آباد

independence day

PM Shehbaz Sharif

14th August

jinnah convention center islamabad