Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت کی جانب سے 14 اگست کی تاریخی حیثیت متنازع کرنے پر پاکستان کی مذمت

چودہ اگست کوتقسیمِ ہندوستان کی ہولناکیوں کی یاد بنانا قابل مذمت ہے، دفتر خارجہ
شائع 10 اگست 2022 03:41pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے چودہ اگست کی تاریخی حیثیت متنازع کرنے پر بھارت سے اظہارِ مذمت کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ چودہ اگست کوتقسیمِ ہندوستان کی ہولناکیوں کی یاد بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی حکومت آزادی سے متعلقہ تاریخی حقائق پرسیاست نہ کرے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک ہے بی جے پی حکومت اپنے منقسم سیاسی ایجنڈے کے حصہ کے طور پر تاریخ کی مسخ شدہ تشریح کے ذریعے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ اگر ہندوستانی لیڈروں کو حقیقی طور پر اذیت، تکلیف اور درد کی پرواہ ہے تو انہیں ہندوستان میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

“پچھلی سات دہائیاں اس بات کے ناقابل تردید ثبوتوں سے بھری ہوئی ہیں کہ ہندوستان کی سیکولرازم کی حمایت ایک دھوکہ تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ آج کا ہندوستان ایک غیر اعلانیہ ‘ہندو راشٹرا’ ہے، جس میں دیگر مذہبی اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ یا رواداری نہیں ہے، خاص طور پر مسلمانوں کے لیے جنہیں امتیازی سلوک، ظلم و ستم اور سیاسی و سماجی طور پر اقتصادی اخراج کا سامنا ہے۔”

دفتر خارجہ نے حکومتِ ہند کو مشورہ دیا کہ وہ آزادی سے متعلق واقعات پر سیاست کرنے سے باز آئے اور اس کے بجائے ان تمام لوگوں کی یادوں کا مخلصانہ احترام کرے جنہوں نے سب کے بہتر مستقبل کے لیے قربانیاں دیں۔

india

foreign office

پاکستان

independence day

14 August