Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں مہنگائی بے قابو، شرح 38.63 فیصد تک پہنچ گئی

ایک ہفتے کے دوران 33 اشیاء ضروری مہنگی، 4 اشیاء سستی اور14 کی قیمتوں میں استحکام رہا
شائع 05 اگست 2022 06:35pm
ماچس سمیت  14اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ فوٹو — فائل
ماچس سمیت 14اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ فوٹو — فائل

قومی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں رواں ہفتے بھی مہنگائی میں 0.82 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مجموعی مہناگئی کی شرح 38 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 33 اشیاء ضروری مہنگی، 4 اشیاء سستی اور14 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

دال مونگ 10 روپے 95 پیسے، دال ماش 17 روپے 69 پیسے، دال مسور فی کلو 13روپے 84 پیسے مہنگی ہوئی جب کہ بچوں کا خشک دودھ، دہی اور انڈے بھی مہنگے ہوئے۔

قومی ادارہ شماریات نے بتایا کہ رواں ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت میں 18 روپے 69 پیسے، ٹماٹر 8 روپے 84 پیسے، آلو 2 روپے 9 پیسے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 2 روپے 58 کا اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 96 پیسے، مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کا گھریلو سلنڈر 40 روپے 25 پیسے جب کہ سگریٹ، بیف، صابن اور گڑ بھی مہنگا ہوا۔

دوسری جانب ایک ہفتے میں برائلر مرغی فی کلو 13روپے 66پیسے، کیلے، گھی اور پیٹرول کی قیمت میں کمی تاہم بریڈ، چائے کی پتی، بجلی، ماچس سمیت 14اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

پاکستان

report

Inflation