Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوئٹہ: دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق،11 زخمی

جوائنٹ روڈ بابا چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ۔
شائع 05 اگست 2022 09:05am
اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ رئیسانی چوک کے قریب نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کردیا، حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 11افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ بابا چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ۔

بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سرکی روڈ کا رہائشی سورج خان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 11افراد زخمی ہوئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔

اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی جبکہ 3زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملنے پر سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور عملے کو طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی رئیسانی چوک بم دھماکے کی مذمت

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رئیسانی چوک بم دھماکے کی مذمت کرتےہوئے دھماکے میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بم دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ داخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو مذموم مقاصد کے حصول کےلیے امن خراب کر نے کا کوئی موقع نہیں ملنا چاہیئے،سیکیورٹی کے تمام ادارے امن امان برقرار رکھنے کے لیے بہتر کوآرڈی نیشن کے ساتھ کام کریں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی ادارے عاشورہ محرم اور یوم آزادی کی مناسبت سے مزید مستعد متحرک اور فعال رہیں۔

quetta

hand grenade