پی ٹی آئی نے پنجاب کابینہ فائنل کرلی، ناموں کا اعلان آج متوقع
لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کابینہ فائنل کر لی،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور مسلم لیگ کے رہنما مونس الہیٰ آج وزراء کے ناموں پر مشاورت کریں گے جس کے بعد اعلان کیا جائے گا۔
عمران خان نے پنجاب کی21 رکنی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع کابینہ میں ابھی تک ق لیگ کے اراکین کے نام شامل نہیں کئے گئے ہیں، عمران خان نے بدھ کے روز متوقع وزراء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
آج مونس الہی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات بھی کریں گے،جس میں مزید وزراء کے ناموں کی منظوری دیے جانے کا بھی امکان ہے۔اس ملاقات کے بعد عمران خان پنجاب کابینہ کے ناموں کا اعلان کریں گے۔
ابتدائی طور پر جن اراکین اسمبلی کے نام کابینہ میں شامل کئے گئے ہیں ان میں یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، علی افضل ساہی، لطیف نذیر اور راجہ بشارت شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب کابینہ میں نوابزادہ منصور علی، عضنفر عباس چھینہ، حسین جہانیاں گردیزی، محسن لغاری، سردار شہاب الدین، منیب چیمہ، انور مجید، ملک تیمور، راجہ یاسر ہمایوں، سردار ہاشم ڈوگر، سردار آصف نکئی، حسین جہانیاں گردیزی اور خرم ورک کے نام بھی شامل ہیں۔
پنجاب کابینہ میں کس کو کون سا محکمہ ملے گا؟
پنجاب کابینہ میں کس کو کون سا محکمہ ملے گا؟ وزراء کے محکموں کے نام سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد محکمہ صحت،میاں اسلم اقبال ہاوسنگ اور انڈسٹریز کے وزیر ہوں گے جبکہ میاں محمود الرشید بلدیات، مراد راس اسکولز ایجوکیشن اور سردار ہاشم محکمہ داخلہ کے وزیر ہوں گے۔
علی افضل ساہی وزیر مواصلات، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل، راجہ بشارت وزیر پارلیمانی امور، پراسیکوشن اور کوآپریٹو جبکہ نوابزداہ منصور محکمہ مال کے وزیر ہوں گے۔
پنجاب کابینہ میں سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر محکمے کے وزیر ہوں گے جبکہ سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو اسٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمو ر کھیلوں کے وزیر ہوں گے ۔
منیب سلطان ٹرانسپورٹ، علی عباس شاہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف، سردار ہاشم ڈوگر محکمہ داخلہ، سردار آصف نکئی محکمہ ایکسائز، راجہ یاسر ہمایوں ہائیر ایجوکیشن، خرم شہزاد ورک محکمہ قانون کے وزیر ہوں گے جبکہ حسین جہانیا ں گردیزی محکمہ زراعت کے وزیر ہوں گے۔
اس کے علاوہ احمد اویس کو دوبا رہ پنجا ب کا ایڈوکیٹ جنرل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مسرت جمشید چیمہ کووزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی بنایا جائے گا ، انہیں اطلاعات کا محکمہ دیے جانے کا امکان ۔
ادھر ارسلان خالد کو بھی وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی بنایا جائے گا اور انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی )کا محکمہ دیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.