Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

نماز جنازہ کے بعد تمام شہدا کی متیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔
اپ ڈیٹ 03 اگست 2022 09:58am
تمام شہدا کی متیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر
تمام شہدا کی متیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آئی ایس پی آر

کراچی : بلوچستان میں ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ملیر گیریژن میں ادا کردی گئی۔

شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیف آف نیول اسٹاف امجد خان نیازی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید سمیت دیگر نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد تمام شہداء کی متیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی افسران کون تھے؟

المناک ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی دسمبر 2020 میں کور کمانڈر کوئٹہ تعینات ہوئے ، انہیں نومبر2020 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی، وہ 2020 میں ہی آئی جی ایف سی کے عہدے پر بھی فائز رہے جبکہ 2018 سے 2019 تک ڈی جی ایم آئی بھی رہے۔

سرفراز علی 2012 میں ٹرپل ون بریگیڈ کے کمانڈر بھی رہے، واشنگٹن ڈی سی میں ڈیفنس اتاشی کے عہدے پر بھی فرائض انجام دیے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کو 2بار ایوارڈز دیئے گئے، شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کو 2 بار تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید نے بیوہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیا ں سوگوار چھوڑی ہیں۔

شہداء میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر امجد بھی شامل ہیں، ان کا تعلق ضلع پونچھ سے تھا، ان کے والد حنیف پاکستان آرمی سے صوبیدار ریٹائر ہوئے وہ راولپنڈی میں مقیم تھے۔

بریگیڈیئر امجد کی کچھ عرصہ قبل میجر جنرل کے عہدے پر ترقی ہوئی تھی، ان کے سوگواران میں بیوہ، ایک بیٹی اور 2 بیٹے شامل ہیں۔

دیگر شہداء میں انجینئر 12 کور بریگیڈیئر خالد جن کا تعلق فیصل آباد سے تھا، بریگیڈیئر محمد خالد نے 1994 میں 20 انجینئیر بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، ان کے پسماندگان میں بیوہ، 3 بیٹیاں اور 3 بیٹے شامل ہیں۔

شہید پائلٹ میجر سعید احمد کا تعلق لاڑکانہ سے تھا، وہ بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑ گئے۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان نے بیوہ اور 2 بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے جبکہ نائیک مدثر فیاض بھی شادی شدہ اور نارووال کے رہنے والے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثہ: کور کمانڈر اور ان کے 5 ساتھیوں کی شہادت کی تصدیق

بلوچستان میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ وندر کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔

آئی ایس پی آر نے گزشتہ روز فوجی ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں بارہ کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے 5ساتھیوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں سیلاب زدگان کی امداد کے مشن پر تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا تھا۔

شہدا میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی کے علاوہ ڈی جی کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر امجد حنیف، کمانڈر انجینئر 12کور بریگیڈیئر محمد خالد ، پائلٹ میجر سعید احمد، معاون پائلٹ میجر طلحہ منان اور کریو چیف نائیک مدثر فیاض شامل تھے۔

rawalpindi

ISPR

بلوچستان

Funeral

Balochistan flood

army officers martyred