Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کو “فنڈز” دینے والی رومیتا شیٹی کون ہیں؟

رومیتا کا نام الیکشن کمیشن کے 68 صفحات پرمبنی فیصلے کے صفحہ نمبر 65 پر موجود ہے۔
اپ ڈیٹ 02 اگست 2022 07:54pm

پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ ​​کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا فیصلہ آنے کے بعد اس کیس سے متعلق دلچسپ انکشافات سامنے آرہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ‘متفقہ’ فیصلے میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پرممنوعہ فنڈز لینا ثابت ہوگیا ہے۔68 صفحات پر مبنی فیصلے میں قراردیا گیا کہ پی ٹی آئی نے امریکا سے ایل ایل سی فنڈنگ ، 34 غیرملکیوں اور عارف نقوی سے فنڈزلیے۔کیس کے آغازمیں 8 اکاؤنٹس کی تصدیق کی اور 13 کوپوشیدہ رکھاگیا،ابراج گروپ،آئی پی آئی اور یوایس آئی سےفنڈنگ کے علاوہ پی ٹی آئی کوووڈن کرکٹ سے ملنے والی فنڈنگ بھی ممنوعہ قرار دی گئی جس کا انکشاف 29 جولائی کو برطانوی جریدے فنانشل ٹائمزکی رپورٹ میں کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کو امریکا،کینیڈا،رومیتا شیٹی سمیت 34غیرملکی شہریوں سے ملنے والی فنڈنگ کے علاوہ 351 غیرملکی کمپنیزسےلی گئی فنڈنگ بھی غیرقانونی قراردیتے ہوئے کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بیان حلفی غلط تھا۔

امریکا میں مقیم بھارتی نژاد کاروباری خاتون رومیتا شیٹی کی جانب سے پی ٹی آئی کو فنڈنگ سوشل میڈیا پر زیربحث ہے، پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرملکی شہریوں کی جانب سے فنڈز پرپابندی کے باوجود رومیتا شیٹی نے 13 ہزار 750 امریکی ڈالر دیے۔

رومیتا کا نام الیکشن کمیشن کے 68 رکنی فیصلے کے صفحہ نمبر 65 پر موجود ہے

کیا رومیتا شیٹی اوورسیز پاکستانی ہیں؟

پی ٹی آئی کے مخالفین بالخصوص برطانیہ اور امریکی شہریوں سے فنڈز وصول کرنے کی رپورٹس کوبھی پی ٹی آئی کی منی لانڈرنگ کا ثبوت سمجھتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سے پارٹی رہنماؤں کی جانب سے زور دے کر کہا جارہا ہے کہ یہ معاملہ “ممنوعہ فنڈنگ” کا تھا نہ کہ “غیر ملکی (فارن ) فنڈنگ” کا ۔

فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنما پارٹی کا دفاع کرتے ہوئے ٹوئٹر پر سرگرم ہیں، رومیتا کا نام سوشل میڈیا پرتیزی سے مقبول ہوتا دیکھ کر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ کے جواب میں بتایا کہ رومیتا شیٹھی کے شوہر پاکستانی ہیں۔

رومیتا شیٹی پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین ناصر احمد عزیز کی اہلیہ اور ڈی اے کیپیٹل ایل ایل سی کی منیجنگ ڈائریکٹرہیں۔

کولمبیا یونیورسٹی سے ایم اے انٹرنیشنل افیئرزکی ڈگری لینے رومیتا نے بھارت کے سینٹ جوزف کالج سے بی اے (ہسٹری ) مکمل کیا۔

رومیتا کے نصف بہترناصراحمد عزیز نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں شہر قائد کے مشہور ومعروف اسکول کراچی گرامر سے حاصل کی۔

رومیتا کا نام سامنے آنے کے بعد ٹوئٹرصارفین نے حقائق سامنے لانے کی ذمہ داری اٹھالی ، کسی نے رومیتا کا پروفائل شیئرکیا تو کئی نے اعتراض اٹھایا کہ فندز رومیتا اور ان کے شوہرکے مشترکہ اکاؤنٹ سے ٹرانسفرکیے گئے۔

اس سے قبل، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے فوری بعد ایک پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کے لیے فنڈز اکٹھے کیے اور الیکشن کمیشن نے ان کے بیانیے کو تسلیم کیا ہے کہ یہ “فارن فنڈنگ” کے تحت نہیں آتا ۔

انہوں نے واضح کیا پی ٹی آئی کا پہلے دن سے موقف تھا کہ یہ کیس ممنوعہ فنڈنگ ​​سے متعلق ہے غیر ملکی فنڈنگ ​​سے نہیں۔

pti

pti foreign funding case

Romita Shetty