ن لیگ کو شکست، تحریک انصاف کے سبطین خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ق لیگ کے امیدوار سبطین خان پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔
پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے سبطین خان کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے سبطین خان ایوان کے نئے کسٹوڈین ہوں گے۔
نتائج کے مطابق سبطین خان 185 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے جب کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر کو 175 ووٹ ملے، اس کے علاوہ 4 ارکان کے ووٹ مسترد ہوئے۔
ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار سیف الملوک نے سبطین خان کو اسپیکر منتخب ہونے پر مبارک پیش کی۔
بعد ازاں سبطین خان نے بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی حلف اٹھایا، پینل آف چیئرمین وسیم خان بادوزئی نے ان سے حلف لیا۔
اس سے قبل اسمبلی سیکٹریٹ کے مطابق اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری پر ہوا اسی لئے انتخاب کے دوران موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی گئی۔
اسمبلی سیکٹریٹ کا کہنا تھا کہ میڈیا ورکرز کو اسمبلی کی پریس گیلری میں بھی موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب مسلم لیگ کے چیف وہب ایم پی اے خلیل سندھو نے ڈپٹی اسپیکر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی اور پینل آف چیئرمین کو خط لکھ کر الیکشن کے طریقہ کار میں تحفظات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ پرویزالٰہی کے وزیراعلیٰ بننے پراسپیکر پنجاب اسمبلی کی نشست خالی ہوئی تھی۔
Comments are closed on this story.