Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھی، فرخ حبیب

' الیکشن کمیشن کو جے یو آئی سے بھی پوچھنا چاہئے، جے یو آئی کو لیبیا نے فنڈنگ کی تھی'
شائع 29 جولائ 2022 01:39pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھی، پی ٹی آئی کی بیرون ملک تنظیمیں بھی ہیں، موجودہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات پر اعتراض نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں تمام تفصیلات جمع کروادی ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنا ریکارڈ جمع نہیں کروایا، پی پی اور ن لیگ کی اسکروٹنی ہی مکمل نہیں ہورہی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کی کہانی اُلٹ دینے والا “عجب کرکٹ میچ کا غضب کیس”

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ان کے ساتھ لاڈلے والا سلوک نہ کرے، الیکشن کمیشن نے برابری کی بنیاد پر اسکروٹنی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پر فارن فنڈنگ کیس میں پابندی لگی تھی، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے زمرے میں نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ 2008 سے 2013 کے دوران ہم برسراقتدار نہیں تھے، الیکشن کمیشن کہہ چکا کہ یہ فارن فنڈنگ کیس نہیں، لیکن اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پیش نہیں کر رہی۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے الیکشن کمیشن سے 12 اکاؤنٹس چھپائے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی 11 اکاؤنٹس چھپائے ہوئے ہیں، ہوسکتا ہے کہ سوئس بینک یا قطری خط سے پیسہ آیا ہو۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو جے یو آئی سے بھی پوچھنا چاہئے، جے یو آئی کو لیبیا نے فنڈنگ کی تھی۔

فرخ حبیب نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن تمام کیسز کا فیصلہ ایک ساتھ سنائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عارف نقوی اوورسیز پاکستانی ہیں، انہوں نے 20 ملین پاؤنڈ نواز شریف اور شہباز شریف کو دیئے، عارف نقوی نے نوازشریف کے اعزاز میں ڈنر بھی دیا تھا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عارف نقوی نے خیراتی پروگرام کا پیسہ جمع کرکے پاکستان بھیجا، ان کے بھیجے گئے پیسے کا ریکارڈ موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی قانون کے مطابق فنڈ جمع کرنے کیلئے رجسٹرڈ کرانا ہوتاہے، بیرون ملک ممبر سالانہ فیس بھی جمع کرواتے ہیں، امریکا میں ہماری فنڈ ریزنگ پر کوئی انکوائری نہیں ہوئی۔

فرخ حبیب کہتے ہیں کہ شہبازشریف، زرداری، بلاول اور مریم کو جواب دینا چاہئے۔

Farrukh Habib

pti foreign funding case

Election commission of Pakistan