Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کی کہانی اُلٹ دینے والے “عجب کرکٹ میچ کا غضب کیس”

تحریک انصاف کے اکاؤنٹس میں کس کس نے کتنا پیسہ کہاں سے بھیجا؟
اپ ڈیٹ 29 جولائ 2022 01:50pm
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آکسفورڈ شائر سے براستہ متحدہ عرب امارات ایک خطیر رقم منتقل ہوئی ہے (فائل فوٹو)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آکسفورڈ شائر سے براستہ متحدہ عرب امارات ایک خطیر رقم منتقل ہوئی ہے (فائل فوٹو)

پاکستان میں سیاست کے لیے غیر ملکی فنڈنگ پر پابندی کے باوجود دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آکسفورڈ شائر سے براستہ متحدہ عرب امارات ایک خطیر رقم منتقل ہوئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے فنانشل ٹائمز نے اپنے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ پاکستانی ٹائیکون عارف نقوی نے اس وقت کے کرکٹ سپر اسٹار عمران خان، سینکڑوں بینکرز، وکلاء اور سرمایہ کاروں کو آکسفورڈ شائر کے گاؤں ووٹن میں واقع جائیداد پر مدعو کیا۔

میزبان دبئی میں قائم ابراج گروپ کے بانی تھے، جو اس وقت کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں کام کرنے والی سب سے بڑی نجی ایکویٹی فرموں میں سے ایک تھی، جس کے زیر انتظام اربوں ڈالرز تھے۔

نقوی نے 2010 سے 2012 تک “ووٹن ٹی 20 کپ” کی صدارت کی، جس کا اہم ایونٹ میچ پشاور پرورٹس اور فیصل آباد فادرمکرز نامی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ تھا۔ جو نقوی کی 17ویں صدی کی رہائش گاہ ووٹن پلیس میں 14 ایکڑ پر مشتمل باغات اور پارک لینڈ کے درمیان پچ پر کھیلا گیا۔ تجربہ کار کرکٹ کمنٹیٹر ہنری بلفیلڈ نے ماہر امپائرز اور فلمی عملے کے ساتھ شرکت کی۔

نقوی کی جانب سے مہمانوں کو موصول دعوت نامے میں لکھا گیا تھا کہ “آپ دوسروں کو متاثر کرنے یا خود کو بیوقوف ثابت کرنے کے لیے کھیلنے کا انتخاب کر سکتے ہیں، یا صرف ایک تماشائی بن سکتے ہیں۔”

 تصویر بزریعہ فنانشل ٹائمز
تصویر بزریعہ فنانشل ٹائمز

مہمانوں کو شرکت کے لیے دو ہزار سے پچیس سو پاؤنڈز کے درمیان فیس ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جسے غیر متعین “انسان دوست کاموں” کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

یہ ایک خیراتی فنڈ ریزنگ قسم کی تقریب تھی جو ہر موسم گرما میں برطانیہ میں دہرائی جاتی تھی۔

لیکن جو چیز اسے غیر معمولی بناتی ہے وہ یہ کہ اس فنڈ سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کی ایک سیاسی جماعت اٹھاتی تھی۔

یہ فیس ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو ادا کی گئی تھی، جو درحقیقت نقوی کی ملکیت کیمن آئی لینڈز کی ایک کمپنی تھی اور یہ رقم مبینہ طور پرعمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے لیے جمع کی جا رہی تھی۔

 تصویر بزریعہ فنانشل ٹائمز
تصویر بزریعہ فنانشل ٹائمز

ووٹن کرکٹ میں کمپنیوں اور افراد سے فنڈز لے کر ڈالے گئے، جس میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ایک وزیر کی جانب سے کم از کم 2 ملین پاؤنڈز بھی شامل ہیں جو ابوظہبی کے شاہی خاندان کے رکن بھی ہیں۔

فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا کہ ان کی طرف سے دیکھی گئی ابراج کی ای میلز اور اندرونی دستاویزات، جس میں یو اے ای میں ووٹن کرکٹ اکاؤنٹ کے لیے 28 فروری سے 30 مئی 2013 کے درمیانی عرصے کا احاطہ کرنے والا بینک اسٹیٹمنٹ بھی شامل ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ سے رقم پاکستان منتقل ہونے سے پہلے دونوں کمپنیوں اور غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی شہریوں نے بھی ووٹن کرکٹ کو لاکھوں ڈالر بھیجے۔

پی ٹی آئی فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن آف پاکستان کی برسوں سے جاری تحقیقات کا مرکز ہے، جو اپریل میں اپنا عہدہ کھو بیٹھنے والے عمران خان کی ممکنہ سیاسی واپسی کے بعد مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سات سال سے زائد عرصے سے پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کرررہا ہے۔ جنوری میں، ای سی پی کی سکروٹنی کمیٹی نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈنگ ملی اور جماعت پر کم فنڈز کی رپورٹنگ اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپانے کا الزام لگایا۔

رپورٹ میں ووٹن کرکٹ کا نام لیا گیا تھا، لیکن نقوی کی شناخت اس کے مالک کے طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔

اگرچہ پہلے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ عارف نقوی نے خان کی پارٹی کو فنڈز فراہم کیے تھے، لیکن اس رقم کا حتمی ذریعہ پہلے کبھی ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

ووٹن کرکٹ کے بینک اسٹیٹمنٹ سے پتہ چلتا ہے کہ اس نے 14 مارچ 2013 کو نقوی کی نجی ایکویٹی فرم کے فنڈ مینجمنٹ یونٹ ابراج انویسٹمنٹ مینجمنٹ لمیٹڈ سے 1.3 ملین دالرز وصول کیے، جس سے اکاؤنٹ کے پچھلے بیلنس 5,431 ڈالرز میں اضافہ ہوا۔ بعد میں اسی دن، اکاؤنٹ سے 1.3 ملین ڈالرز براہ راست پاکستان میں پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے گئے۔ ابراج نے یہ رقم ایک ہولڈنگ کمپنی کے اخراجات میں شامل کردی، جس کے ذریعے اس نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کے الیکٹرک کو کنٹرول کیا۔

فنانشل ٹائمز کو موصول بینک اسٹیٹمنٹ اور سوئفٹ ٹرانسفر ڈیٹیل کی ایک کاپی کے مطابق، ابوظہبی کے شاہی خاندان کے رکن، حکومتی وزیر اور پاکستان کے بینک الفلاح کے سربراہ شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی جانب سے اپریل 2013 میں ووٹن کرکٹ اکاؤنٹ میں مزید 20 لاکھ ڈالر کی رقم جمع کی گئی۔

اس کے بعد نقوی نے 1.2 ملین ڈالرز مزید پی ٹی آئی کو منتقل کرنے کے بارے میں ایک ساتھی کے ساتھ ای میلز کا تبادلہ کیا۔

ووٹن کرکٹ بینک اکاؤنٹ میں 2 ملین ڈالر آنے کے چھ دن بعد، نقوی نے 1.2 ملین ڈالر دو قسطوں میں پاکستان منتقل کر دیے۔

کیش فلو کے انتظام کے ذمہ دار ابراج کے سینئر ایگزیکٹو رفیق لاکھانی نے نقوی کو ایک ای میل میں لکھا کہ رقوم کا یہ ٹرانسفر پی ٹی آئی کے لیے تھا۔

شیخ نہیان نے فنانشل ٹائمز کے تبصرے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

ایک مفید اتحادی

باسٹھ سالہ عارف نقوی کراچی کے ایک کاروباری گھرانے میں پیدا ہوئے۔ لندن اسکول آف اکنامکس میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1990 کی دہائی سعودی عرب اور دبئی میں کام کرتے ہوئے گزاری اور 2002 میں ابراج شروع کیا اور اسے ایک سرمایہ کاری پاور ہاؤس بنایا۔

دبئی، لندن، نیویارک، پورے ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ میں دفاتر کے ساتھ، کمپنی نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، باراک اوباما کی امریکی انتظامیہ، برطانوی اور فرانسیسی حکومتوں اور دیگر سرمایہ کاروں سے اربوں ڈالر اکٹھے کیے ہیں۔

بہترین تعلقات والے نقوی کو لوگوں کو متاثر کرنا پسند تھا۔ ابراج پروگرام کے ایک پروگرام میں بطور اسپیکر شرکت کے بعد کمپنی نے جان کیری سے ساتھ کام کرنے کے بارے میں رابطہ کیا۔

نقوی نے برطانیہ کے شہزادہ چارلس سے ملاقات کی اور ان کے ایک خیراتی ادارے برٹش ایشین ٹرسٹ میں سرگرم رہے۔ وہ یو این گلوبل کمپیکٹ کے بورڈ ممبر تھے، جو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مشورہ دیتا ہے، اور انٹرپول فاؤنڈیشن کے بورڈ میں نسان کے سابق سربراہ کارلوس گھوسن کے ساتھ بیٹھے تھے، جو عالمی پولیس تنظیم کے لیے فنڈز اکٹھا کرتا ہے۔

واشنگٹن میں انہیں ایک مفید اتحادی کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ اوباما انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ کی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے ابراج فنڈ کو 150 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔

ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس شراکت داری سے اسلامی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کے امریکی صدر کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں مدد ملے گی۔

کے الیکٹرک ابراج کی واحد سب سے بڑی سرمایہ کاری تھی۔ لیکن جب پرائیویٹ ایکویٹی فرم 2016 میں مالی مشکلات کا شکار ہوئی، نقوی نے پاور کمپنی کا کنٹرول چینی حکومت کے زیر کنٹرول شنگھائی الیکٹرک پاور کو 1.77 بلین ڈالر میں فروخت کرنے کا معاہدہ کیا۔

پاکستان میں اس معاہدے کے لیے سیاسی منظوری اہم تھی اور نقوی نے شریف اور خان دونوں کی حکومتوں کی حمایت کے لیے لابنگ کی۔ 2016 میں، انہوں نے پاکستانی سیاست دانوں کو ان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے 20 ملین ڈالر کی ادائیگی کا اختیار دیا، امریکی پبلک پراسیکیوٹرز کے مطابق جنہوں نے بعد میں ان پر دھوکہ دہی، چوری اور رشوت کی کوشش کا الزام لگایا۔

یہ ادائیگی مبینہ طور پر نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز کے لیے تھی، جنہوں نے اپریل میں عمران خان کو وزیر اعظم بنایا تھا۔

دونوں بھائیوں نے اس معاملے میں کسی قسم کی معلومات سے انکار کیا ہے۔ جنوری 2017 میں، نقوی نے ڈیووس میں نواز شریف کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا۔ خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد نقوی نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم رہتے ہوئے خان نے کے الیکٹرک کی فروخت میں تاخیر پر حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا لیکن معاہدہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔

ابراج گروپ 2018 میں اس وقت زوال پذیر ہوا جب گیٹس فاؤنڈیشن سمیت سرمایہ کاروں نے تحقیقات شروع کیں کہ کمپنی اس فنڈ میں رقم کا غلط استعمال کر رہی تھی جس کا مقصد افریقہ اور ایشیا میں ہسپتالوں کو خریدنے اور تعمیر کرنا تھا۔

ابراج نے کہا کہ وہ اس وقت تقریباً 14 بلین ڈالر کے اثاثوں کا انتظام کر رہا تھا۔ 2019 میں، امریکی استغاثہ نے نقوی اور ان کے پانچ سابق ساتھیوں پر فرد جرم عائد کی۔ ابراج کے دو سابق ایگزیکٹوز نے اس کے بعد جرم قبول کر لیا ہے جبکہ نقوی ان الزامات سے انکار کرتے ہیں۔

نقوی کو پاکستان سے واپس آنے کے بعد اپریل 2019 میں لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر گرفتار کیا گیا تھا اور امریکی الزامات میں قصوروار ثابت ہونے کی صورت میں انہیں 291 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

خان کا ٹیلی فون نمبر ان رابطوں کی فہرست میں شامل تھا جو انہوں نے پولیس کے حوالے کیا تھا۔ یہ ایک حقیقت تھی جس کا ذکر امریکی حکومت کی نمائندگی کرنے والے وکلاء نے لندن میں نقوی کی حوالگی کے مقدمے کے دوران کیا تھا۔

امریکہ کو حوالگی کے خلاف ان کی اپیل اس سال کے آخر میں ختم ہونے کی امید ہے۔ لیکن انہیں ضمانت کے لیے 15 ملین پاؤنڈ ادا کرنے پڑے ہیں اور ان کے جاری قانونی اخراجات بہت زیادہ ہیں۔ ووٹن پلیس 2020 میں ایک ہیج فنڈ مینیجر کو 12.25ملین پاؤنڈز میں فروخت کیا گیا تھا۔ نقوی اور ان کے وکیل نے اس کہانی پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

پیسے اِدھر اُدھر منتقلی

2012 میں خان نے ووٹن پلیس کا دورہ کیا۔ ایف ٹی کے سوالات کے تحریری جواب میں سابق کرکٹر نے کہا کہ وہ “فنڈ ریزنگ ایونٹ میں گئے تھے جس میں پی ٹی آئی کے بہت سے حامیوں نے شرکت کی”۔

مئی 2013 میں ہونے والے انتخابات سے قبل خان کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے یہ ایک نازک وقت تھا، اور نقوی نے دیگر پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر مہم کے لیے رقم اکٹھی کی۔ انتخابات سے پہلے کے مہینوں میں ووٹن کرکٹ کے بینک اکاؤنٹ میں سب سے بڑی انٹری شیخ نہیان کی طرف سے دو ملین پاؤنڈز تھی، جو اب متحدہ عرب امارات کے رواداری کے وزیر ہیں۔ وہ پاکستان میں سرمایہ کار بھی ہیں۔

لاکھانی کے بعد، کیش فلو کے ذمہ دار ابراج ایگزیکٹو نے نقوی کو ایک ای میل میں بتایا کہ شیخ کے پیسے آچکے ہیں، نقوی نے جواب دیا کہ وہ “پی ٹی آئی کو 1.2 ملین” بھیجیں۔

شیخ کی رقم ووٹن کرکٹ اکاؤنٹ میں داخل ہونے کے بعد لاکھانی کو ایک اور ای میل میں نقوی نے لکھا، “کسی کو نہ بتائیں کہ فنڈز کہاں سے آرہے ہیں، یعنی کون حصہ ڈال رہا ہے”۔

لاکھانی نے جواب میں لکھا، “ضرور سر،”

انہوں نے لکھا کہ وہ ووٹن کرکٹ سے 1.2 ملین ڈالر پاکستان میں پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں منتقل کریں گے۔

پھر نقوی کے ذاتی اکاؤنٹ کے ذریعے پی ٹی آئی کو رقوم بھیجنے پر غور کرنے کے بعد، لاکھانی نے یہ رقم دو قسطوں میں کراچی میں بزنس مین طارق شفیع کے ذاتی اکاؤنٹ اور لاہور میں انصاف ٹرسٹ نامی ادارے کے اکاؤنٹ میں بھیجنے کی تجویز دی۔

اگرچہ انصاف ٹرسٹ کی ملکیت واضح نہیں ہے لیکن ای میلز میں بتایا گیا ہے کہ رقم کی آخری منزل پی ٹی آئی تھی۔

نقوی نے ایک اور ای میل میں لکھا، “رفیق اسے برباد مت کرنا۔”

6 مئی 2013 کو ووٹن کرکٹ نے شفیع اور انصاف ٹرسٹ کو کل 1.2 ملین ڈالر منتقل کر دیے۔ لاکھانی نے نقوی کو ای میل میں لکھا کہ یہ تبادلے پی ٹی آئی کے لیے تھے۔ خان نے تصدیق کی کہ شفیع نے پی ٹی آئی کو چندہ دیا۔ خان نے ایف ٹی کے جواب میں کہا، “یہ طارق شفیع کو جواب دینا ہے کہ انہوں نے یہ رقم کہاں سے حاصل کی۔” جبکہ شفیع نے تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

‘ممنوعہ فنڈنگ ہوئی’

خان کی پارٹی کی فنڈنگ کے بارے میں ای سی پی کی تحقیقات کا آغاز اس وقت ہوا جب اکبر ایس بابر، جنہوں نے پی ٹی آئی کو قائم کرنے میں مدد کی، نے دسمبر 2014 میں شکایت درج کروائی۔ اگرچہ دنیا بھر میں ہزاروں پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کے لیے رقم بھیجی، لیکن بابر کا اصرار ہے کہ “ممنوعہ فنڈنگ ہوئی”۔

اپنے تحریری جواب میں، عمران خان نے کہا کہ نہ تو وہ اور نہ ہی ان کی پارٹی کو ابراج کی جانب سے ووٹن کرکٹ کے ذریعے 1.3 ملین ڈالر فراہم کرنے کا علم تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں پی ٹی آئی کو شیخ نہیان سے ملنے والے فنڈز کے بارے میں “علم نہیں” ہیں۔

خان نے لکھا، “عارف نقوی نے ایک بیان دیا ہے جو الیکشن کمیشن کے سامنے بھی دائر کیا گیا تھا، جس کی کسی نے بھی تردید نہیں کی، کہ یہ رقم کرکٹ میچ کے دوران عطیات سے آئی اور ان کی طرف سے جمع کی گئی رقم ان کی کمپنی ووٹن کرکٹ کے ذریعے بھیجی گئی۔”

خان نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کی تحقیقات کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بارے میں تعصبانہ رویہ اختیار کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

اپنی جنوری کی رپورٹ میں، الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹن کرکٹ نے پی ٹی آئی کو 2.12 ملین ڈالر منتقل کیے ہیں لیکن اس رقم کا اصل ذریعہ نہیں بتایا۔ نقوی نے ووٹن کرکٹ پر اپنی ملکیت کو تسلیم کیا ہے اور کسی بھی غلط کام سے انکار کیا ہے۔ ایک بیان میں، انہوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ “میں نے کسی بھی غیر پاکستانی نژاد شخص، کمپنی (عوامی یا نجی) یا کسی دوسرے ممنوعہ ذریعہ سے کوئی فنڈ اکٹھا نہیں کیا۔”

ووٹن کرکٹ کا بینک اسٹیٹمنٹ ایک مختلف کہانی بیان کرتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نقوی نے 2013 میں تین قسطیں براہ راست پی ٹی آئی کو منتقل کیں جس میں مجموعی طور پر 2.12 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ سب سے بڑا 1.3 ملین ڈالرز ابراج کی طرف سے تھا جو کمپنی کے دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ ووٹن کرکٹ کو منتقل کیا گیا، لیکن کے الیکٹرک کو اس کی ہولڈنگ کمپنی چارج کیا گیا۔

pti foreign funding case

Abraj Group

Arif Naqvi