Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

سیاست مقدم رکھتے تو ریاست کا اللہ حافظ تھا: وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ آئین کی ماں ہے، برے وقتوں میں بھی آئین نے پاکستان کو متحد رکھا، یہ آئین صدیوں تک پاکستان کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
اپ ڈیٹ 28 جولائ 2022 10:28am
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے ہیں: اسکرین گریب: آج نیوز یوٹیوب

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بارشوں نے ملک میں تباہی مچادی ہے، بارش کے بعد بہت زیادہ نقصانات ہوئے، چاروں صوبوں کے ساتھ میٹنگز کر چکا ہوں، متاثرہ علاقوں میں صوبائی حکومتیں پوری طرح کام کررہی ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ آئین کی ماں ہے، برے وقتوں میں بھی آئین نے پاکستان کو متحد رکھا، یہ آئین صدیوں تک پاکستان کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایوان آئین کو مقدس امانت کے طور پر استعمال کرتا ہے، مقننہ اور اداروں کے اختیارات متعین کردیئے گئے ہیں، مقننہ ہو یا عدلیہ، آئین بتاتا ہے کہ اپنے دائرے میں رہ کر پاکستان کی خدمت کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2018 کے الیکشن بدترین جھرنو الیکشن تھے، ایک دھاندلی کی پیداوار حکومت مسلط ہوگئی ۔۔ رات کے اندھیرے میں آرٹی ایس بند ہوا، نتائج دیہاتوں میں پہلے آگئے اور شہروں میں کئی کئی دن نہیں آئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے حکم سے گنتی رکوائی گئی، 20 ہزار ارب سے زائد قرضے لئے گئے، لاکھوں لوگوں کو روزگار دلوانا تو دور کی بات، لاکھوں بے روزگار ہوگئے ۔۔ پاکستان کی معیشت کا جنازہ نکل رہا تھا، ہم جانتے تھے کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم جانتے تھے کہ معیشت کو زندگی دلوانا آسان کام نہیں، سیاست کو مقدم رکھتے تو ریاست کا اللہ حافظ تھا۔۔۔۔ ہم نے ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا ہم چور دروازے سے آئے؟ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں ۔ ۔ مجھے پتہ تھا کہ یہ پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا سفر ہے، وزیراعظم بننا ہوتا تو ماضی میں بن جاتا، 1992 میں ایک صدر نے مجھے کہا کہ وزیراعظم بن جاؤ۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سابق چیف جسٹس سو موٹو نوٹسز لیتے تھے۔۔۔۔ اگر سچ و حق کی بات آج نہیں تو کب کریں گے ، فیصلہ کرنا ہے تو انصاف کی بنیاد پر کرنا ہوگا۔

PMLN

Shehbaz Sharif

National Assembly

Prime Minister