چوہدری پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اُٹھا لیا
اسلام آباد: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے رات گئے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رات دو بجے چوہدری پرویز الہٰی سے حلف لیا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی معذرت کے بعد چوہدری پرویز الہٰی ایوانِ صدر میں تقریبِ حلف برداری کے لیے گورنر ہاؤس سے اسلام آباد روانہ ہوئے۔
سینئر رہنما مسلم لیگ (ق) چوہدری پرویزالہٰی تقریباً 20 سال بعد وزارت اعلیٰ پنجاب کے منصب پر ایک بار پھر فائض ہوگئے ہیں، انہوں نے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے دفاعی پیداوار و انڈسٹریز کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کیس میں سپریم کورٹ کی ہدایت
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب الیکشن کیس میں گورنر پنجاب کو آج کل رات ساڑھے 11 بجے پرویز الہٰی سے وزارت اعلیٰ کا حلف لینے کی ہدایت کی تھی۔
پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما میاں محمود الرشید نے گورنر پنجاب کے انکار کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رابطہ کیا تھا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دیدی تھی جبکہ پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا۔
Comments are closed on this story.