Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی کی رولنگ کیخلاف سماعت آج ہوگی

حمزہ شہبازکی بطوروزیراعلیٰ جیت کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف سماعت دوپہرایک بجے متوقع ہے۔
شائع 25 جولائ 2022 10:40am
فائل فوٹو
فائل فوٹو
Deputy Speaker ki rulling ki kay khilaf darkhuwast par samat aaj hoge | Aaj News

حمزہ شہباز کی بطور وزیر اعلیٰ جیت کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت آج دوپہر ایک بجے متوقع ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مبنی تین رکنی بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں فریق بننے کی درخواست دے دی ہے۔

عدالت نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت کا خط پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

چوہدری شجاعت کی متوقع آمد کے سلسلے میں سیکیورٹی کو آگاہ کردیا گیا ہے، جس کے باعث سپریم کورٹ کے اندر اور باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں، پولیس کی بھاری نفری بھی عدالت کے باہر تعینات ہے۔

سماعت کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون میں گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کے داخلے کے لیے ایکسپریس چوک بند ہوگا، ریڈ زون میں سرکاری، میڈیا اور ممبران اسمبلی کی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں جب کہ ڈپلومیٹک انکلیو جانے والے شہریوں کو سیکیورٹی ڈویژن سے تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔

حمزہ شہباز، گورنر پنجاب، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

دوسری جانب سپریم کورٹ میں ٹرسٹی وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما میاں اسلم اقبال کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن عدالتی حکم کی روشنی میں نہیں کرایاگیا، ڈپٹی اسپیکر نے سپریم کورٹ کا حکم نہ مان کر توہین عدالت کی ہے، جبکہ گورنر نے حمزہ شہباز سے حلف لیا اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی۔ حمزہ شہباز نے بھی عدالتی حکم کی روشنی میں الیکشن نہیں لڑا۔

Contempt of Court

Supreme Court of Pakistan

deputy speaker punjab assembly