“100 گنڈے اور 100 چھتر” اب عمران صاحب کا مقدر ہے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ “100 گنڈے اور 100 چھتر” اب عمران صاحب کا مقدر ہے ، اداروں کو گالی دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکے دار نہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لئے اسٹبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔
ٹوئٹر پر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے،عمران خان نے اعتراف کیا کہ چار سال حکومت چلانے کے لئے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دھونس دھمکی گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے،نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا،فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کرو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے،منہ پہ خون لگنے کی بات کرکے اب پاؤں نہ پکڑیں،الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کا فیصلہ دے،عمران صاحب دھونس، دھمکی، انتشار، فساد اور غنڈہ گردی کے ذریعے اس کیس میں این آر او چاہتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت کےلئے فل کورٹ بنچ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فل کورٹ تمام دیگر متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے،اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات پر انصاف ہونا ہی نہیں چاہئے، ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدم استحکام سے قومی معیشت پھر دیوالیہ پن کے خطرات سے دوچار ہو چکی ہے، اب یہ جنگ متکبر آئین شکن عمران صاحب کی فسطائیت کے خلاف ہے،جمہوری اور آئینی نظام کو دیوالیہ نہیں کرنے دیں گے۔
Comments are closed on this story.