عمران خان نے جو کروانا ہے تیاری کرے، ہم روک کر دکھائیں گے: رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنےکی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے۔
لاہور میں وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نے جو کروانا ہے تیاری کرے، ہم اسے روک کردکھائیں گے، اگر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی رعونیت اور فتنہ بازی کو قدرت نے انجام تک پہنچایا، صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ نے واضح فیصلہ دیا کہ پارٹی سربراہ کی ہدایت کے برعکس رکن اسمبلی ووٹ نہیں دے سکتا، عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہی 25 ارکان پنجاب اسمبلی رکنیت سے محروم ہوئے تھے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ چوہدری شجاعت کے مدبرانہ فیصلے کی قدر کرتے ہیں، عمران خان ملک میں فتنہ و فساد پھیلانا چاہتا ہے لیکن پنجاب کے عوام رواداری اور ترقی کی سیاست پسند کرتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کچھ لوگوں نے تکبر بھرے لہجے میں سیاسی مخالفین کو گالیاں دیں، اللہ تعالیٰ کسی کا تکبر کرنا پسند نہیں کرتا، آج ہم نے ملک کو عمرانی فتنے سے بچالیا ہے۔
Comments are closed on this story.