اگر پیسے دیکر کچھ کروایا تو ملک سری لنکا کی طرف جائے گا، عمران خان کا اداروں کو انتباہ
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ وہ دن چلے گئے جب اسٹیبلشمنٹ جس کی مدد کرے وہ الیکشن جیت جاتے تھے۔
عوام سے ویڈیو لنک کے ذریعے براہِ راست خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ دن چلے گئے جب اسٹیبلشمنٹ جس کی مدد کرے وہ انتخابات جیت جاتے تھے، سب کو پتہ ہے پی ٹی آئی کے نمبر پورے ہیں لیکن زرداری، فضل الرحمان اور شہباز شریف دو دنوں سے ہمارے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ سارے اداروں کو وارننگ دے رہا ہوں، ہماری جدوجہد ہمیشہ آئین کے بیچ میں رہی ہے لیکن اگر پیسے دے کر کچھ کروایا یا عوام کا مینڈیٹ چوری ہوا تو ملک سری لنکا کی طرف جائے گا اور پھر لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم اسٹیٹ مشینری اور الیکشن کمیشن کے خلاف انتخابات لڑیں گے جنہوں نے ہمیں الیکشن ہرانے کے لئے ہر حربہ اختیار کیا جب کہ اس طرح کا بد دیانت الیکشن کمشنر میں نے کبھی نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں جتنا پیسہ چلا تاریخ میں کبھی نہیں چلا، پی کے 7 میں 50 ووٹ کا فرق ہے لیکن اس نے دوباری گنتی روک دی اسی لئے ہمیں اس الیکشن کمشنر کے نیچے عام انتخابات نہیں لڑنا۔
Comments are closed on this story.