اطالوی وزیراعظم ماریو دراگی مستعفی ہوگئے
اطالوی وزیراعظم ماریو دراگی وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اہم اتحادی جماعتوں کی جانب سے حمایت واپس لینے اور ملک میں جاری سیاسی و معاشی بحران کے باعث ماریو دراگی نے اپنا استعفیٰ صدر سرجیو ماتاریلا کو بجوادیا۔
ایوان صدر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اطالوی صدر نے دراگی کے استعفے کا نوٹ لیتے ہوئے ان کی حکومت کو نگراں عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے بعد اٹلی میں رواں برس کے ستمبر یا اکتوبر میں انتخابات متوقع ہیں تاہم صدر کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ دراگی گزشتہ ہفتے بھی استعفیٰ دے چکے تھے جب سینیٹ میں ان کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد میں اتحادی پاپولسٹ فائیو اسٹار موومنٹ دراگی کی حمایت کرنے میں ناکام رہی تاہم اطالوی صدر نے ان کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کردیا تھا۔
اپوزیشن کی عدم اعتماد ناکام بنانے کے بعد سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے اطالوی وزیراعظم نے ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے اراکین سے متحد ہونے کی درخواست کی تھی۔
خیال رہے کہ سابق یورپی سینٹرل بینک کے ڈائریکٹر ماریو دراگی نے گزشتہ برس وزارت عظمیٰ کا عہدہ سمبھالا تھا۔
Comments are closed on this story.