Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ستمبر سے مہنگائی میں کمی آئے گی، خرم دستگیر

خرم دستگیر نے کہا کہ جب دوست ممالک پاکستان کو مالی امداد کی فراہمی شروع کر دیں گے تو ڈالر کے مقابلے روپیہ مستحکم ہو جائے گا۔
شائع 21 جولائ 2022 02:30pm
خرم دستگیر پریس کانفرنس کر رہے ہیں: فوٹو (اے پی پی)
خرم دستگیر پریس کانفرنس کر رہے ہیں: فوٹو (اے پی پی)

وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں ستمبر 2022 سے مہنگائی میں کمی آئے گی اور موجودہ حکومت ادائیگیوں کے توازن کے بحران کو بھی حل کر لے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ جب دوست ممالک پاکستان کو مالی امداد کی فراہمی شروع کر دیں گے تو ڈالر کے مقابلے روپیہ مستحکم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرمبادلہ کی آمد و اخراج مستحکم ہے لہٰذا مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کو جلد روک دیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان کے پاس ایندھن کے بڑے ذخائر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے پاس 2 ماہ کا ڈیزل اور 34 دن کا پیٹرول موجود ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ہم صرف اپنے دور حکومت میں درپیش مہنگائی اور بے روزگاری کے ذمہ دار ہیں اور عمران خان اپنے دور میں معاشی اشاریے بگاڑنے کے ذمہ دار ہیں’۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابات میں کامیابی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کے الزامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین ہر ادارے پر غلط کام کا الزام لگا کر جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات کی وجہ سے جمہوریت اور معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت میں دلچسپی کھو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات آزادانہ اور منصفانہ تھے۔

Federal Minister

Khurram Dastgir Khan

economy situation