پی پی 7 راولپنڈی: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی7 راولپنڈی میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان کی درخواست پر سماعت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار راجہ صغیر اور پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ پی پی 7 کے ریٹرننگ آفیسر بھی پیش ہوئے۔
تحریک انصاف کے وکیل نے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) سسٹم بیٹھنے کا مؤقف اپنایا تو چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ ضمنی انتخابات میں آر ٹی ایس سسٹم نہیں بلکہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آرایم ایس) سسٹم استعمال ہوا۔
مزید پڑھئیں: پی پی 7 راولپنڈی: پی ٹی آئی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد
مسلم لیگ (ن) کے وکیل نے درخوست بے بنیاد قراردیتے ہوئے مسترد کرنے کی استدعا کی۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی اور درخواست نمٹادی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار خاطرخواہ ثبوت کی فراہمی اور وجوہات بتانے میں ناکام رہا، دھاندلی یا بے قاعدگی بھی ثابت نہیں کرسکا۔
مزید پڑھئیں: پی ٹی آئی نے پی پی 7 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن کے نتائج چیلنج کردیئے
دوسری جانب پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان نے فیصلہ تسلیم نہ کرتے ہوئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔
پی پی 7 راولپنڈی سے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار راجہ صغیراحمد نے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا۔
18 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف نے ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا ۔
Comments are closed on this story.