Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایک عدالت کے جج جانبدار اور سیاسی جماعت سے جڑے ہوئے ہیں: عمران خان

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن کمشنر نے ہمیں بار بار ڈسا ہے، ہمیں اس پر اعتماد نہیں اور یہ ہم پر مسلط ہے
شائع 18 جولائ 2022 07:48pm
خطرہ ہے کہ ملک سب کے ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
خطرہ ہے کہ ملک سب کے ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ ایک عدالت کے جج جانبدار ہیں جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔

اسلام آباد میں عوام سے براہِ راست خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں پنجاب میں ضمنی الیکشن ہرانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، اس دوران پولیس کی حرکتوں کی بھی شکایت موصول ہوئی کہ پولیس اہلکار ن لیگ کے جیلالے بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ شعور کا جن بوتل سے نکل آیا ہے، اس جن کو آپ اب واپس نہیں ڈال سکتے، اب بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوسکتے، جو مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کرے گا اسے ہی شکست ہوگی۔

خیال رہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی 15 اور مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی، جب کہ ایک نشست آزاد امیدوار کے نام رہی، 20 حلقوں میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 49.69 فیصد رہا۔

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن کمشنر نے ہمیں بار بار ڈسا ہے، ہمیں اس پر اعتماد نہیں اور یہ ہم پر مسلط ہے۔

پی ٹی آئی چیئیرمین نے کہا کہ ایک عدالت میں جج کو متنازع سمجھا جائے تو وہ انکار کردیتا ہے لیکن آپ ایک جانبدار آدمی ہیں اور ایک پارٹی سے جڑے ہوئے ہیں جب کہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، ہم اب ایک قوم بننے جارہے ہیں، اشرافیہ نے اپنے بچے باہر رکھے ہوئے ہیں، جو پاکستان کیلئے مرنے کے لئے تیار ہیں لیکن ان کی جائیدادیں باہر ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پہلی بار قوم میں بیداری دیکھ رہا ہوں، ملک کا دیوالیہ نکلنے جارہا ہے، جب یہ لوگ ہماری حکومت گرانے جارہے تھے، اس وقت شوکت ترین اور میں نے انہیں آگاہ کرنے کی کوشش کی کہ ملکی معیشت نہیں سمبھالی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 11 سو ارب کا کیس معاف کروانے کل سپریم کورٹ جارہے ہیں، ان کے ساتھ جو ہوا وہ ہونا ہی تھا جب کہ معاشی بحران ان کی سازش کی وجہ سے آیا ہے اور خطرہ ہے کہ ملک سب کے ہاتھ سے نہ نکل جائے۔

ECP

اسلام آباد

imran khan

Punjab By Elections 2022