امریکی صدر جو بائیڈن اہم ترین دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
امریکی صدر جو بائیڈن مشرق وسطیٰ کے اہم ترین دورے پر سعودی شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق جدہ میں شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر امیر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے امریکی صدر کا استقبال کیا جہاں سے وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے لئے السلام شاہی محل کے لئے روانہ ہوئے۔
جو بائیڈن نے سعودی فرما رواں شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا ہے جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگر رہنماؤں سے بات چیت کریں گے جب کہ دورے کے دوسرے روز سکیورٹی کے حوالے سے جدہ سمٹ میں شرکت کریں گے۔
صدربائیڈن سعودی قیادت سے یمن کے بحران، ایران کے جوہری پروگرام اور توانائی کی قیمتوں کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر اس وقت چار روزہ خلیجی ممالک کے دورے پر ہیں، وہ سعودی عرب سے قبل اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں موجود تھے جہاں انہوں نے اسرائیل کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔
اسی اثنا میں صدر بائیڈن اور اسرائیلی حکام نے بن گوریون ہوائی اڈے پر ایک پریس کانفرنس میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے انضمام کو آگے بڑھانے اور امریکا اسرائیل کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments are closed on this story.