Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت کیخلاف غداری کے مقدمے کیلئے کمیٹی تشکیل

وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے تحریری فیصلے کا خیر مقدم کیا اور اس فیصلے کی روشنی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2022 11:39pm
ذمہ داران کے خلاف  کارروائی کی جائے گی۔ فوٹو — وزیراعظم ہاؤس/  اے پی پی
ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ فوٹو — وزیراعظم ہاؤس/ اے پی پی

وفاقی کابینہ نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کے خلاف غداری کے مقدمے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ٓجس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ہونے والے معاہدے اور سپریم کورٹ کے عدم اعتماد سے متعلق فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعدِ ازاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے تحریری فیصلے کا خیر مقدم کیا اور اس فیصلے کی روشنی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کمیٹی آئین کے آرٹیکل 6 سمیت دیگر آپشنز پر اپنی تجاویز آئندہ اجلاس میں دے گی۔

واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 6 کے مطابق طاقت کے استعمال پر آئینِ پاکستان کی خلاف ورزی کرنے والا سنگین غداری کا مجرم ہوگا جسے سزا دینے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہوگا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط پرمعاہدہ کرکے ملکی ساکھ داؤ پرلگائی، موجودہ حکومت نے معطل شدہ معاہدے کوبحال کیا اور پہلی بار براہ راست ٹیکسز عائد کیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں صوبائی سطح پر مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے، ملک میں معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے گا جب کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 5 جولائی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی ہے۔

وفاقی وزیر نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ طیبہ گل کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیربحث آیا ہے، طیبہ گل کے مطابق انہیں اغواء کرکے 18 روز تک وزیراعظم ہاؤس میں رکھا گیا اور چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ طیبہ گل کے معاملے پر آزاد انکوائری کمیشن بنایا جائے گا جس کی رائے کے مطابق ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

pti

federal cabinet

Shehbaz Sharif

Supreme Court