Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرلی

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام نے معاشی بحران کا سامنا کیا ہے، اب ریلیف ان کا حق بنتا ہے
شائع 13 جولائ 2022 09:37am
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرلیا ـــ تصویر رائٹرز
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرلیا ـــ تصویر رائٹرز

وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر وزارت خزانہ اور پیٹرولیم سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سمری طلب کرلی۔

وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے طلب کی، جس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے حکام نے شرکت کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم اور خزانہ کی وزارتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ لوگوں تک پہنچائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام نے معاشی بحران کا سامنا کیا ہے، اب ریلیف ان کا حق بنتا ہے جبکہ شہبازشریف نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کی زندگی میں آسانیوں کیلئے کوشاں رہیں گے۔

دوسری جانب خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برینٹ کروڈ فیوچر7.61 ڈالر یا 7.1 فیصد کم ہو کر 99.49 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے، جو 11 اپریل کے بعد سب سے کم قیمت ہے۔

اس کے ساتھ ہی امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 8.25 ڈالر یا 7.9 فیصد کم ہو کر 95.84 ڈالر پر تھی، جو تین ماہ کی کم ترین سطح بھی ہے۔

تاہم رواں سال مارچ میں اپنے عروج کے بعد سے برینٹ میں 29 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ (ڈبلیو ٹی آئی) میں 27فیصد کمی آئی ہے۔

اسی اثنا میں بی او کے فنانشل میں ٹریڈنگ کے سینئر نائب صدر ڈینس کسلر نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو انتہائی دباؤ کا سامنا ہے کیونکہ خریدار کے اثر قیمتوں پر پڑتا ہے۔

خیال رہے کہ چین تیل کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے لیکن چین میں کورونا پابندیوں کےسبب عالمی اقتصادی سست روی کے بڑھتے ہوئے خدشات ہیں۔

تاہم گزشتہ ماہ 30 جون کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 85 پیسے کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 248 روپے 74 پیسے ہوگئی۔

پاکستان

Petroleum products

Petrol Diesel Price