تحریک انصاف کے 5 ارکان اسمبلی نے حلف اُٹھا لیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پانچ نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔
پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کی نومنتخب رکن اسمبلی بتول زین، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نسیم سے خواتین کی مخصوص نشستوں جب کہ حبکوک رفیق بابو اور سیمئول یعقوب سے اقلیتی نشستوں پر منتخب ہونے پر حلف لیا۔
ضمنی انتخاب میں حکومتی مداخلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ہر سروے میں تحریک انصاف آگے ہے لیکن حکومتی ادارے مداخلت کر رہے ہیں، ہم لڑائی نہیں چاہتے لیکن کارکن مشتعل ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں کلین سویپ کریں گے، عوام مہنگائی سے پریشان اور عمران خان کے ساتھ ہیں۔
اس کے علاوہ مہندر پال سنگھ نے کہا کہ عید کی منڈی سے بڑی منڈی ضمنی انتخاب کے حلقوں میں لگی ہوئی ہے، شناختی کارڈ خریدے جارہے ہیں۔
اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی اجلاس کی کارروائی 18 جولائی تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.