Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد میں گرین اور بلیو لائن بس سروس ایک ماہ تک فری چلانے کا اعلان

تیل اور گیس قیمتوں نے پوری دنیا کو پریشان کر رکھا ہے، اللہ کا شکر ہے تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے، جلد مہنگائی میں بھی کمی آئے گی، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 07 جولائ 2022 01:18pm
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید فلاحی منصوبے لانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں گرین لائن اور بلیولائن بس سروس ایک ماہ تک فری چلانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ تیل اور گیس قیمتوں نے پوری دنیا کو پریشان کر رکھا ہے، اللہ کا شکر ہے تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے، جلد مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آج بروز جمعرات 7 جولائی کو اسلام آباد میں گرین لائن اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کا افتتاح کیا۔

منصوبےکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ آج میرے لئے خوشی کا موقع ہے، عوام سفری سہولت سے فیض یاب ہوں گے، پوری دنیا میں تیل اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کو پریشان کررکھا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اب تیل اورگیس کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبےمیں تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی، گرین اور بلیو لائن اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کی بہت بڑی خدمت ہے، ایک ماہ کیلئے گرین اور بلیو لائن سروس مفت فراہم کی جائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل کرنے والوں کا مشکور ہوں، عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بس سروس کا افتتاح کا آغاز کیا جارہا ہے، ہم دعا گو ہیں کہ تیل کی قیمتیں جلدکم ہوں، مہنگائی کا سلسلہ پچھلے 4 سال سے جاری ہے، 4 سال کی تاخیر کا قوم جواب مانگتی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ 20 ارب ڈالر سالانہ تیل اور گیس پاکستان میں امپورٹ کی جاتی ہے، بجلی بہت مہنگی بن رہی ہے، کل رات تیل کی قیمت 100 ڈالر سے کم ہوئی ہے، جتنی جلد تیل کی قیمت کم ہوگی اسی طریقے سے بجلی اور گیس سستی بنے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہم آج ایک جامع منصوبہ بنا رہے ہیں، سستی شمسی توانائی منصوبوں کا جال بچھانا چاہتے ہیں، آج کی میٹنگ میں شمسی توانائی کے حوالے سے فیصلے کریں گے،شمسی توانائی سےعوام کومہنگی بجلی سےجان چھوٹ جائےگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید فلاحی منصوبے لانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابرکردی: رانا ثناء اللہ

اس موقع پر وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عام آدمی کیلئے سفری سہولت فراہم کی جارہی ہے، عام شہری بس سروس سے فائدہ اٹھاسکیں گے، عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا وزیراعظم کی ترجیح رہا ہے، اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کردی گئی ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ایک ماہ بعداسلام آباد پولیس کیلئے اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، عام آدمی پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے متاثر ہے، مہنگائی کے دور میں بس سروس عام آدمی کیلئےنعمت سے کم نہیں، ماضی کے حکمران گھر سے دفتر آتے جاتے پریس کانفرنس کرتے تھے۔

Interior Minister

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

Rana Sanaullah

Green Line

PM Shehbaz Sharif

blue line

bus service